بھارت کی مسلسل اشتعال انگیزی

پاکستان اس وقت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہے, بھارت ان حالات سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے ۔


Editorial October 24, 2014
پاکستان بھارت کو سمجھوتے کی خلاف ورزی میں مورچے تعمیر کرنے اجازت نہیں دے گا۔ فوٹو: فائل

بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ کئی روز سے جاری ہے جب کہ فوجی حکام کے مطابق بھارت تعمیراتی سامان سرحد کے قریب جمع کر رہا ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ ورکنگ بائونڈری کے قریب نئے مورچے تعمیر کرنے کی کوشش کر رہا ہے جو 2010ء میں طے پانے والے سمجھوتے کی خلاف ورزی ہے۔ تاہم پاکستان کی طرف سے جوابی فائرنگ کے باعث بھارت اپنے اس مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکا۔

190 کلومیٹر طویل ورکنگ باونڈری کے چارواہ اور چپرار سیکٹر پر گزشتہ کئی دنوں سے بھاری گولہ باری کا تبادلہ جاری ہے۔ جمعرات کے دن بھارت نے چارواہ سیکٹر پر دو مرتبہ سویلین افراد پر گولہ باری کی مگر پاک فوج نے جوابی فائرنگ سے بھارتی توپوں کو خاموش کرا دیا۔ دفتر خارجہ کی ترجمان تسلیم اسلم نے اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں اعلان کیا کہ پاکستان بھارت کو سمجھوتے کی خلاف ورزی میں مورچے تعمیر کرنے اجازت نہیں دے گا۔

پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا پاکستان اور بھارت کے درمیان معاہدے کے تحت ورکنگ باؤنڈری کے پانچ سو میٹر کی حدود میں نئے مورچے تعمیر نہیں کیے جا سکتے، اسی لیے پاکستانی افواج نے بھی جوابی فائرنگ کی اور بھارتی فوجوں کو نئے مورچے تعمیر کرنے سے روکدیا تاہم پاکستان نے اس بھارتی اشتعال انگیزی کا محتاط جواب دیا کیونکہ پاکستان کو سرحد کے اس پار رہنے والے کشمیریوں کی جان و مال کا تحفظ عزیز ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ پاکستان نے یہ معاملہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے سامنے بھی اٹھایا ہے۔

ادھر قومی اسمبلی نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ قرارداد مشیر برائے قومی سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز نے پیش کی جس میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق حل کرنے کے لیے کردار ادا کرے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے اس موقع پر کہا کہ بھارت ہماری اندرونی صورتحال سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے تو یہ اس کی بھول ہے، بھارت کی جانب سے سرحدوں پر حالات کشیدہ کرنے کی کوششیں امن کے لیے خطرہ ہیں لہٰذا اقوام عالم کو اس معاملے پر توجہ دینی چاہیے اور بھارت کو انتباہ کرنا چاہیے کہ وہ حالات بگاڑنے سے باز رہے۔امریکا اور مغربی ممالک کو بھی اس حوالے سے اپنا اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔ پاکستان اس وقت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہے 'بھارت ان حالات سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے ۔امریکا کو بھارتی قیادت کے جارحانہ عزائم کا نوٹس لینا چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں