ایل این جی کی درآمد پر 5 فیصد جی ایس ٹی لگے گا اقتصادی رابطہ کمیٹی

اسحق ڈار کی زیرصدارت اجلاس،ایل این جی کی درآمد پر گیس انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیس کے استثنیٰ اور اوگرا آرڈیننس میں۔۔۔


APP/Numainda Express October 30, 2014
آج اجلاس میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز کے مارجن میں 12 سے30 پیسے فی لیٹر تک اضافے کی منظوری کا امکان،وزیرخزانہ کو جاپان کے دورے کی دعوت۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ایل این جی کی درآمد پر گیس انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیس (جی آئی ڈی سی) کے استثنیٰ کی منظوری دیدی تاہم 5 فیصد جی ایس ٹی ہر حالت میں نافذ ہوگا۔

وزیر خزانہ اسحق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں کابینہ ڈویژن کی طرف سے تمام ریفائنڈ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی مانیٹرنگ اور تعین کے حوالے سے اوگرا آرڈیننس میں ترامیم کی تجویز کی بھی منظوری دیدی ہے۔ اسحق ڈار نے کہا کہ ایل این جی کی درآمد پر5 فیصد سیلز ٹیکس کا نفاذ عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور ایل این جی سیکٹر میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلیے کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کمیٹی نے پیکجز لمیٹڈ کو ماریشس میں خاص مقصد کیلیے استعمال ہونے والی گاڑیوں کے ذریعے ابتدائی طور پر ایک لاکھ امریکی ڈالر کی ایکویٹی انویسٹمنٹ کی اجازت دیدی ہے۔

ای سی سی نے ٹریڈنگ کارپوریشن کو15 دسمبر 2014 تک ایک لاکھ 85 ہزار ٹن یوریا کی خریداری یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ باقی ماندہ 3 لاکھ 85 ہزار ٹن یوریا اوپن بین الاقوامی مارکیٹ سے جتمی جلدی ممکن ہوسکے درآمد کی جاسکتی ہے۔ کمیٹی نے پورٹ قاسم اتھارٹی کو اپنے وسائل سے درآمدی ایل این جی کیلیے استعمال ہونے والی 4 کشتیاں خریدنے کی بھی اجازت دیدی ہے اور ان کشتیوں کی لاگت پوری کرنے کیلیے انکا کمرشل استعمال بھی کیا جاسکے گا۔

کمیٹی آج آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز کے مارجن میں 12 پیسے سے30 پیسے فی لیٹر تک اضافے، نئی ٹیکسٹائل پالیسی اور ماڑی وہیل گیس پرائس ایگریمنٹ کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔ گزشتہ روز اجلاس میں ایجنڈا مکمل نہیں ہوسکا تھا۔ ادھورا رہ جانے والا ایجنڈا آج زیر بحث آئیگا۔ دریں اثنا جاپان کے سفیر سے ملاقات میں اسحاق ڈار نے کہا کہ وہ پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع کی تلاش اور جاپان کے ساتھ دوطرفہ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلیے جاپان کا دورہ کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں