سٹی کورٹ سے قیدی کے فرار کی کوشش ناکام ہوگئی

ملزم نے اہلکاروں کی لاپروائی پر ہتھکڑی کھولی اور فرار ہورہا تھا کہ دوبارہ دھرلیا گیا۔


Staff Reporter September 30, 2012
قیدی قیصر اورغفلت برتنے والے پولیس اہلکار کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

سٹی کورٹ کے لاک اپ انچارج نے ڈکیتی کے الزام میں پابند سلاسل قیدی قیصرکی فرار ہونے کی کوشش ناکام بنادی ہے اور سٹی کورٹ کے دروازے سے باہر نکلتے ہی اسے پولیس نے حراست میں لے لیا۔

تاہم قیدی اورغفلت برتنے پر پولیس اہلکار کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے، تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو سینٹرل جیل کے حکام نے ڈکیتی اور اسلحہ ایکٹ کے الزام میں قید ملزم قیصر ولد اعظم کو پیشی کیلیے سٹی کورٹ بھیجا تھا لاک اپ انچارج نے ملزم کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کرنے کیلیے کورٹ پولیس کے اہلکاروں کی نگرانی میں بھیجا تاہم ملزم نے اہلکاروں کی غفلت اور لاپروائی کا فائدہ اٹھایا اور ہتھکڑی کھول کر فرار ہوگیا۔

ملزم لاک اپ کے قریب سے باآسانی نکل کر گیٹ سے باہر کی طرف جاہی رہا تھا کہ اسی اثنا بی کلاس کی قیدی پر مامور سپاہی اختر نے ملزم کو دیکھا اسے شک ہوا کہ ملزم فرار ہورہا ہے اس نے ملزم کو آواز دی تو ملزم نے بھاگنا شروع کردیا پولیس اہلکار سے شور کردیا گیٹ نمبر 2 پر تعینات پولیس اہلکاروںنے فوری گیٹ بند کردیا اور ملزم کے فرار کی کوشش ناکام بنادی ملزم کو حراست میں لیکر لاک اپ انچاج کے حوالے کردیا تھا تاہم لاک اپ انچارج نے پولیس اہلکاروں اور ملزم کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی،تھانہ سٹی کورٹ نے بھی لاک اپ انچارج سے قیدی کے فرار سے متعلق کوئی رپورٹ طلب نہیں کی ہے۔