پاکستان کے ساتھ تعلقات معمول پر لارہے ہیں بھارت

دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔


Online September 30, 2012
بھارت تخفیف اسلحہ اور جوہری عدم پھیلائو کے لیے مثالی کردار ادا کر رہا ہے،کرشنا۔ فوٹو: اے ایف پی

بھارت نے کہا ہے کہ وہ دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے پاکستان سمیت تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم کر چکا ہے۔

پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے اقدامات جاری ہیں،ویزا پالیسی پر نیا معاہدہ دوطرفہ تعلقات میں بہتری لانے کا عملی ثبوت ہے ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ان خیالات کا اظہار بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے مقامی یونیورسٹی میں طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انھوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا کو اس وقت پرتشدد انتہا پسندی کی صورت میں ایک بڑے خطرے کا سامنا ہے اور اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے بھارت پاکستان اور افغانستان سمیت تمام پڑوسیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا نہ صرف عزم رکھتا ہے۔

بلکہ اس کے عملی اقدامات بھی کیے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ تجارت کے نئے روڈ میپ کو عملی شکل دینا اور ویزا پالیسی میں نرمی اور عوامی سطح پر رابطوں کو بڑھانے کے اقدامات پاکستان سے تعلقات بہتر کرنے کے عملی ثبوت ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہتھیاروں کی دوڑ اور جوہری پھیلائو کے سائے میں رہتے ہوئے بھی بھارت جوہری عدم پھیلائو کے عزم پر قائم ہے اور دنیا بھر میں تخفیف اسلحہ اور جوہری عدم پھیلائو کے لیے مثالی کردار ادا کر رہا ہے۔

 

مقبول خبریں