امریکا غیر قانونی تارکین وطن کو قانونی حیثیت دینے کا اعلان

امریکا میں مقیم 50 لاکھ غیرقانونی تارکین وطن کو بے دخل نہیں کیا جائے گا اور انھیں ملازمت کی بھی اجازت ہو گی۔


Editorial November 23, 2014
اس اعلان سے وہاں مقیم پاکستانیوں سمیت دیگر غیرقانونی تارکین وطن میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انھوں نے سڑکوں پر جشن منایا۔ فوٹو: فائل

لاہور: امریکی صدر بارک اوباما نے اپنے خصوصی اختیارات استعمال کرتے ہوئے امیگریشن اصلاحات کا ایگزیکٹو آرڈر جاری کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت امریکا میں مقیم 50 لاکھ غیرقانونی تارکین وطن کو بے دخل نہیں کیا جائے گا اور انھیں ملازمت کی بھی اجازت ہو گی۔

اس اعلان سے وہاں مقیم پاکستانیوں سمیت دیگر غیرقانونی تارکین وطن میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انھوں نے سڑکوں پر جشن منایا۔ امریکا مواقع کی سرزمین ہے یہاں بڑے پیمانے پر روزگار اور بہتر سسٹم کے باعث ترقی کے مواقع بدرجہ اتم موجود ہیں۔ جو شخص محنتی اور باصلاحیت ہے اس کے لیے یہاں ترقی کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں بلکہ ہر قدم پر سسٹم اسے آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ بنابریں ترقی پذیر ممالک کے باشندے بہتر روزگار اور خوشحالی کی امید لیے امریکا کا رخ کرتے ہیں جو جائز ذرائع سے امریکا نہیں پہنچ پاتے وہ غیرقانونی طریقے سے ایجنٹوں کے ذریعے یہاں پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ تارکین وطن چھپ چھپا کر کام کرتے ہیں، غیرقانونی ہونے کے باعث وہاں ان کا استحصال بھی کیا جاتا ہے' انھیں اپنی محنت کا معاوضہ بھی کم ملتا اور کوئی سہولت بھی حاصل نہیں ہوتی اور ہر وقت پکڑے جانے اور ڈی پورٹ ہونے کاخطرہ سر پر منڈلاتا رہتا ہے، اس لیے تارکین وطن کی ایک تعداد انتہائی پریشانی کی زندگی گزارتی ہے۔

صدر اوباما کے اس اعلان سے تارکین وطن کی ایسی تمام پریشانیوں کا خاتمہ ہو گیا ہے اب یہ لوگ قانونی حیثیت اختیار کرنے کے بعد بہتر ملازمتیں حاصل کر سکیں گے۔ امیگریشن اصلاحات کے تحت امریکا میں پانچ سال سے مقیم ایسے تارکین وطن جن کے بچے امریکی شہری ہیں انھیں تین سال کے لیے ملازمت کا اجازت نامہ جاری کیا جائے گا۔ امریکا کی تاریخ میں تارکین وطن کوقانونی حیثیت دینے کا اعلان پہلی بار کیا گیا ہے اور اب اس سے یہ امکان پیدا ہوا ہے کہ امریکا آئندہ بھی اٹلی کی طرح ایسے اعلانات کے ذریعے غیرقانونی تارکین وطن کو تحفظ فراہم کرتا رہے گا۔ صدر اوباما کا یہ اعلان قابل تحسین ہے اس سے تارکین وطن کا استحصال ختم ہونے کے علاوہ جرائم میں بھی کمی آئے گی اور ان کے ٹیکس نیٹ میں آنے سے امریکا کی آمدن میں بھی اضافہ ہو گا۔

مقبول خبریں