سرکاری زمین پر قائم شادی ہالز کی لیز منسوخ کردینگے شرجیل میمن

گھوسٹ ملازمین کی فہرست جمع کرائی جائے،شارع فیصل پرایلی ویٹیڈ سڑک جلد تعمیر ہوگی، شرجیل میمن


Staff Reporter December 05, 2014
کراچی میں داعش کا نیٹ ورک سامنے آیا تو اس کے خلاف دیگر دہشت گرد گروپوں کی طرح ایکشن لیا جائے گا، شرجیل میمن۔ فوٹو: فائل

وزیراطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اب کراچی سمیت صوبے بھر میںعوامی مسائل بالخصوص صفائی، پانی، سیوریج اور سفری سہولتوں کی آسانی کے لیے پل، انڈر پاسز اور سڑکوں کی تعمیر پر کسی قسم کی مصلحت کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

کراچی سمیت سندھ بھر کے تمام ڈسٹرکٹ کے ایڈمنسٹریٹرز اور میونسپل کمشنرز ہفتہ وار اپنے اضلاع میں عوامی کھلی کچہریوں کا انعقاد کریں گے، سیکریٹری بلدیات، کمشنر کراچی، ایڈمنسٹریٹر کراچی،ایم ڈی واٹر بورڈ اور ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ،ماضی میں ٹائون اور یوسی ناظمین کے تحت دیے گئے تمام رفاہی اور سرکاری پلاٹس کی فہرستوں اور ان پر قائم شادی ہالز اور دیگر تعمیرات کی تفصیلات سیکریٹری بلدیات کو فراہم کی جائیں تاکہ ان کی غیر قانونی لیز کو منسوخ کیا جاسکے۔

حکومت سندھ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت صوبے بھر میں نئے پلز، اوور ہیڈز اور سڑکوں کا کام فوری طور پر شروع کررہی ہے،ملیر، ناظم آباد فلائی اوورز اور مہران انڈر پاس کے کام کو دن رات شروع کرکے مقررہ وقت پر مکمل کرنے کے ساتھ شارع فیصل پر ایلی ویٹڈ سڑک کی تعمیر کا بھی جلد آغاز کردیا جائے گا۔

کمشنر کراچی، ایم ڈی واٹر بورڈ اورتمام اضلاع کے ایڈمنسٹریٹرز اور میونسپل کمشنرز گھوسٹ ملازمین کی فہرست بھی ایک ہفتہ کے اندرسیکریٹری بلدیات کے پاس جمع کروائیں گے تاکہ انھیں شوکاز نوٹس جاری کرکے ان کی ملازمتوں سے فارغ کیا جاسکے،ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات ان کی صدارت میں منعقدہ اعلیٰ سطح اجلاس کے دوران کیا،صوبائی وزیر نے کراچی میں صفائی ستھرائی اوربالخصوص سیوریج کے نظام کی خرابی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

علاوہ ازیں وزیراطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ مزار قائد پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر حفاظتی انتظامات سخت کردیے گئے ہیں،کراچی میں داعش کا نیٹ ورک سامنے آیا تو اس کے خلاف دیگر دہشت گرد گروپوں کی طرح ایکشن لیا جائے گا۔ کراچی آپریشن پر تعاون کے وفاقی حکومت نے صرف زبانی دعوے کیے ہیں ،12 دسمبرکو تحریک انصاف کے لوگ پرامن احتجاج ریکارڈ کرائیں،ان خیالات کا اظہار انھوں نے مزار قائد پر سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے اور مزار قائد پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔