(بات کچھ اِدھر اُدھر کی) - چائے اور وائی فائی

ضیا مرتضی  پير 8 دسمبر 2014
 ٹیکنالوجی نے ہماری سوچ، ترجیحات یہاں تک کہ ہمارے روایات اور رہن سہن تک کو بھی بدل کر رکھ دیا ہے. فوٹو اے ایف پی

ٹیکنالوجی نے ہماری سوچ، ترجیحات یہاں تک کہ ہمارے روایات اور رہن سہن تک کو بھی بدل کر رکھ دیا ہے. فوٹو اے ایف پی

ریاض جیسے خشک شہرمیں رہتے ہوئے ہم فیملی والوں کی سب سے بڑی ‘عیاشی’ کسی پارک یا کسی مشترکہ دوست کی طرف اکھٹے ہو کر گپ شپ کرنا ہوتی ہے۔ مرد حضرات زیادہ تر سیاست اور کھیل پر بات چیت میں مصروف ہوتے ہیں جبکہ خواتین حسب معمول ‘گپ شپ’ اور بچے کھیل کود میں مشغول رہتے ہیں۔ ان سب چیزوں کے درمیان کھانا اور چائے تو چلتی ہی رہتی ہے۔

ایک دن یونہی میرے ایک دوست کی کال آئی، وہ ملنے پر اصرار کررہا تھا، میں کہا چلو ٹھیک ہے اس ویک اینڈ کا پروگرام رکھ لو۔ آج کل کی مصروف زندگی میں کسی اپنے کے لئے وقت نکالنا نایاب ہوگیا ہے۔ خیر قصہ مختصر ہم سب دوست مل کر ایک تیسرے مشترکہ دوست کی طرف چائے پینے کے لئے اکھٹے ہوئے۔ عرصہ بعد ملنے کی اصل وجہ دوستوں کی زندگی کے خوشگوار لمحے اور یادوں کو شیئر کرنا تھی، لیکن ہلکی پھلکی گپ شپ کے بعد صورتحال یکسر تبدیل ہوگئی۔ ہوا کچھ یوں کہ ہم سب اپنے اپنے موبائل فونز کی اسکرینوں میں کھو گئے۔ میں حسب عادت سیاسی خبروں میں گم تھا، دوسرا دوست اپنے آفس ای میلز کھولے بیٹھا تھا اور جن بھائی صاحب کی گھر پر اکھٹے ہوئے تھے وہ فیس بک کی ویڈیوز کے مزے لے رہے تھے۔

دیکھنے میں  ہمارا فاصلہ آپس میں تین فٹ سے زیادہ نہیں تھا، مگر درحقیقت میں ہم لوگ میلوں دور تین مختلف خیالاتی دنیاؤں میں کھوئے ہوئے تھے۔ جسمانی طور پر ہم سب ایک ہی کمرے میں موجود تھے مگر ذہنی طور پر کہیں اور غائب تھے۔ ایسا نہیں تھا کہ ہمارے پاس بات کرنے کے لئے موضوع کی کمی تھی یا کوئی ناراضی تھی، معجرہ صرف اتنا ہے کہ بس آج کل ہماری ترجیحات تبدیل ہوگئی ہیں۔

آج کل کی محفلوں میں ہم لوگ سامنے بیٹھے لوگوں سے زیادہ، سینکڑوں میل دور دوستوں سے زیادہ رابطے میں ہیں، آپس کے دکھ سکھ سے زیادہ ہمیں ملکی و عالمی خبروں میں دلچسپی ہے، ٹیکنالوجی نے ہماری سوچ، ترجیحات یہاں تک کہ ہمارے روایات اور رہن سہن تک کو بھی بدل کر رکھ دیا ہے، اور پھر ہم دوسروں سے شکایت کرتے ہیں کہ یار بلکل بھی ٹائم نہیں ہے۔

وقت ہے، ہم سب کے پاس ہے، صرف اور صرف ہمیں وقت کا صحیح استعمال کرنا ہے۔ ٹیکنالوجی کی دنیا میں دن دن دگنی اور رات چوگنی ترقی سے مجھے انکار نہیں، بلکہ اس کی بدولت تو ہمارے فاصلے سمٹ گئے ہیں۔ مگر ہمیں اپنے رسم و رواج اور اخلاقیات کو نہیں بھولنا چاہئے۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ ہم اپنی مصروفیات میں اتنا کھو جائیں کہ جب ہم پلٹ کر دیکھ تو خالی راہوں کی سوا وہاں کچھ نہ بچے۔

چلتے ہوئے میرے ساتھ آئے دوست نے میزبان دوست سے ہنستے ہوئے شکریہ ادا کیا، جس پر میزبان دوست نے پوچھا کس بات کا شکریہ؟ تو وہ بولا؛

“چائے اور وائی فائی کا”

نوٹ: روزنامہ ایکسپریس  اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 800 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر،   مکمل نام، فون نمبر ، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف  کے ساتھ  [email protected]  پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس بھی بھیجے جا سکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔