بڑاسیاسی اتحاد پیپلزپارٹی کاصفایا کردیگا چوہدری نثار

ن لیگ بلوچستان کا مسئلہ حل کرنے کیلیے قومی اسمبلی میں اے پی سی کے قیام کی قراردادپیش کریگی


INP/Numainda Express October 02, 2012
سندھ کی تقسیم قبول نہیں،مینگل کے نکات میں علیحدگی کا ذکرنہیں، جمال ناصر ن لیگ میںشامل فوٹو : آئی این پی

مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما چوہدری نثار نے کہا ہے کہ

(ن) لیگ قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں بلوچستان کے مسئلے کے حل کیلیے قومی پالیسی کی تشکیل اور ناراض قوم پرست رہنمائوں سے مذاکرات کیلیے آل پارٹیز قومی کمیٹی قائم کرنے کیلیے قرارداد پیش کرے گی ،اختر مینگل کے 6نکات میں علیٰحدگی کا کوئی ذکرنہیں،فضل الرحمن کی سیاست اور سیاسی قلابازیوں سے مفتی محمود کی روح تڑپ رہی ہوگی، سندھ میں بلدیاتی ایکٹ کی منظوری صوبے کی تقسیم کی سازش ہے۔

پنجاب ہائوس میں گرین ٹاسک فورس کے چیئرمین ڈاکٹر جمال ناصر اور بریگیڈیئر (ر)طارق کی (ن) لیگ میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں آل پارٹیز کمیشن قائم کرنے کیلئے قرارداد پیش کی جائیگی، یہ کمیشن بلوچستان کے بارے میں پالیسی ترتیب دیگا۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے رہنمائوں کا حکومت پر اعتماد نہیں، اختر مینگل کے 6 نکات میں غداری والی کوئی بات نہیں ۔

اس کے باوجود ان پر غداری کے الزام لگائے جارہے ہیں، بلوچستان سب سے بڑا صوبہ ہے ، احتجاج اور ظلم کے خلاف آواز کو بغاوت قراردینا درست نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ اور ہفتہ وار اضافے کے فیصلے کو بدلنے کیلئے بھی قرارداد پیش کی جائیگی، حکومت مصنوعات میں ردوبدل مہینے میں ایک بار کرے ، میں وزیر ہوتا تو3ماہ میں ایک مرتبہ کرتا ۔

نگران حکومت کے بارے میں بعض لوگ حکومت کو خوش کرنے کیلیے بے تکے بیان دے رہے ہیں ، نگران حکومت کے معاملے پر سونامی لیگ سے بھی بالواسطہ مشورہ ہوا ،ان کی جانب سے 2نام آئے، دوسرے مرحلے میں ناموں پر اتفاق رائے پیدا کیا جائے گا پھر حکومت کی تحلیل پر ان ناموں کا اعلان کیا جائیگا۔