دورہ پاکستان میں شکست جونک بن کر کینیا سے چمٹ گئی

میزبان اے نے چوتھا ون ڈے118رنزسے جیت لیا، مختاراحمدکی آل راؤنڈ کارکردگی


میزبان اے نے چوتھا ون ڈے118رنزسے جیت لیا،مختاراحمدکی آل راؤنڈ کارکردگی فوٹو؛ اے ایف پی۔

KARACHI: پاکستان اے نے چوتھا ون ڈے118 رنز سے جیت لیا، ہفتے کو پانچواں میچ اپنے نام کر کے کلین سوئپ کی کوشش ہوگی۔

گذشتہ روز خراب موسم سے متاثرہ میچ 28 اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا، میزبان ٹیم نے 224 کا مجموعہ ترتیب دیا، جواب میں مہمان سائیڈ 106 رنز پر ہمت ہار گئی۔ مختار احمد نے آل راؤنڈکارکردگی کا مظاہرہ کیا اور87 رنز بنانے کے بعد3 رنز دے کر2 وکٹیں بھی حاصل کیں، سعید اجمل نے23 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں خراب موسم اور کم روشنی کے باعث چوتھا ون ڈے تاخیر سے شروع ہوا، دونوں ٹیموں کی اننگز کو45 کے بجائے صرف 28 اوورز تک محدود کرنا پڑا۔

کینیا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان اے کے اوپنر افتخار احمد اور مختار احمد نے حریف بولرز کی خوب پٹائی کرتے ہوئے مجموعی اسکور کو 145 رنز تک پہنچایا، افتخار50 رنز بنانے کے بعد اوڈہیمبو کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ 150کے اسکور پر عمر صدیق بغیر کوئی رن بنائے اوڈہیمبو کا دوسرا شکار بنے، کیچ نگوشے نے تھاما، بعد ازاں مختار نے دیگر بیٹسمینوں کے ساتھ مل کر مجموعے کو آگے بڑھایا، وہ 87 پر پہنچ کر رنگیرا کو وکٹ دے بیٹھے، زوہیب احمد نے 25 اور محمد رضوان نے ناٹ آؤٹ 12 رنز بنائے۔ پاکستان اے نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹ پر224 رنز اسکور کیے، اوڈہیمبو اور رینگیرا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں کینین ٹیم کی بیٹنگ لائن گذشتہ 3 میچزکی طرح ایک بار پھر ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 27.5اوورز میں صرف106 رنزبنا کر پویلین لوٹ گئی، اوڈہیمبو نے22 رنز بنائے، اوما 21 اور کپتان نگوشے 10 کے ساتھ نمایاں رہے، مختار احمد نے صرف3رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا، کپتان فواد عالم نے بھی اتنے ہی شکار کیے، میر حمزہ، احمد جمال، زوہیب احمد اور سعید اجمل نے ایک، ایک وکٹ اڑائی۔آل راؤنڈر پرفارمنس پر مختار احمد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

مقبول خبریں