سیلز ٹیکس کے نفاذ کیخلاف ٹرانسپورٹرز کا ہڑتال کا اعلان

اگر عائد کردہ ٹیکس واپس نہ لیا گیاتو 72گھنٹے کے بعد ہڑتال پر چلے جائیں گے۔


Staff Reporter January 24, 2015
اگر عائد کردہ ٹیکس واپس نہ لیا گیاتو 72گھنٹے کے بعد ہڑتال پر چلے جائیں گے اور تیل سمیت دیگر سامان کی سپلائی ملک بھر کو بند کردی جائے گی، گڈز ٹرانسپورٹرز۔ فوٹو: پی پی آئی/فائل

سندھ ریونیو بورڈ (ایس آر بی) کی جانب سے 5فیصد سیلز ٹیکس کے نفاذ کے خلاف تمام ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال پر جانے کا اعلان کردیا۔

آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ،اونرزاور گڈز ٹرانسپورٹرز نے کہا ہے کہ اگر عائد کردہ ٹیکس واپس نہ لیا گیاتو 72گھنٹے کے بعد ہڑتال پر چلے جائیں گے اور تیل سمیت دیگر سامان کی سپلائی ملک بھر کو بند کردی جائے گی۔

جمعہ کو صدر آل پاکستان آئل ٹینکرز کنٹریکٹر ایسوسی ایشن سلیمان ترین نے سپریم کونسل آف آل پاکستان ٹرانسپورٹرز کے چیئرمین کیپٹن (ر) آصف محمود،جنرل سیکریٹری ٹرانسپورٹرز الائنس محمد شعیب خان، آئی ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن کے چیئرمین شنوارای کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ حکومت ایک بحران سے نہیں نکل پاتی کہ بیوروکریسی اس کیلیے دوسرا بحران بھی پیدا کردیتی ہے اور اگر سندھ ریونیو بورڈ نے عائد کردہ 5فیصد سیلز ٹیکس واپس نہ لیا تو منگل27جنوری کو کراچی سے ملک بھر کیلیے تیل سمیت دیگر اشیا کی سپلائی بند کردی جائے گی۔

سلیمان ترین نے کہا کہ 5فیصد سیلزٹیکس کے نفاذ کا فیصلہ پہلے بھی واپس لیا جاچکا ہے لیکن ایس آر بی کی جانب سے اس ٹیکس کو واپس لینے کیلیے وزیراعلیٰ ہائوس کو بھیجی گئی سمری وزیراعلیٰ کی آنکھوں سے اوجھل ہے، حکومت کو سنگین صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے ورنہ72گھنٹے کے بعد ملک بھر کو تیل کی سپلائی بند ہونے کے ساتھ ساتھ دیگر اشیا کی سپلائی بھی بند ہوجائے گی اور اس کی تمام تر ذمے داری حکومت پر ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ کراچی سے پی ایس او،شیمرون،ٹوٹل،شیل سمیت ایک درجن کمپنیوں کو سروس فراہم کی جارہی ہے اور تقریباً9ہزار گاڑیاں اس عمل میں حصہ لے رہی ہیں جبکہ اس سے نصف گاڑیوں نے ملک میں حالیہ تیل بحران پر قابو پانے کیلیے حصہ لیا۔ سپریم کونسل آف آل پاکستان ٹرانسپورٹرز کے چیئرمین کیپٹن (ر)آصف محمودنے کہا کہ سیلزٹیکس کا نفاذ ظالمانہ ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے سندھ بورڈ آف ریونیو کے سربراہ سندھ حکومت کو گمراہ کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلزٹیکس کا نفاذ کسی بھی طور پر قبول نہیں، اس کے خلاف اجتماعی ہڑتال ہوگی اور تمام آئل ٹینکرز،بسوں،گڈز ٹرانسپورٹ کو بند کردیا جائے گا،ہم آنکھیں بند نہیں کریں گے اور نہ ہی 5فیصد سیلز ٹیکس ادا کریں گے۔آصف محمودنے کہا کہ ہم حکومت کو ودہولڈنگ ٹیکس، انکم ٹیکس، رجسٹریشن فیس، ٹول ٹیکس،پرمٹ ٹیکس سمیر صوبائی حکومت کو5اور وفاقی حکومت کو 6 ٹیکس ادا کررہے ہیں۔

جنرل سیکریٹری ٹرانسپورٹرز الائنس محمد شعیب خان نے کہا کہ حکومت ہمیں تحفظ فراہم کرے کیونکہ اس وقت امن وامان کے حالات خراب ہیں،گاڑیوں کا اغواء ہورہا ہے اور ڈکیتیاں لوٹی جارہی ہیں ایسی صورتحال میں5فیصد ٹیکس کا نفاذ ظلم ہے، گڈز ٹرانسپورٹر 72گھنٹے کے بعد اعلان کردہ ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔آئل ٹینکر اونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شنواری نے کہا کہ اس ٹیکس کو واپس نہ لیا گیا تو چاروں صوبوں میں تیل کی سپلائی کو بند کردیا جائے گا۔