ہتک عزت کیس عدالت نے عمران خان سے جواب مانگ لیا

افتخار چوہدری کے وکیل کاعمران کی جانب سے بابر اعوان کے پیش ہونے پر اعتراض


INP/Numainda Express January 30, 2015
افتخار چوہدری کے وکیل کاعمران کی جانب سے بابر اعوان کے پیش ہونے پر اعتراض۔ فوٹو: فائل

لاہور: ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج نذیر احمد نے سابق چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری کی جانب سے ہتک عزت پر 20ارب روپے ہرجانہ ادا کرنے کے مقدمے میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو آئندہ سماعت پر جواب جمع کرانے کاحکم دیدیا۔

عمران خان کی جانب سے بابر اعوان نے وکالت نامہ جمع کرایا جس پر افتخار چوہدری کے وکیل شیخ احسن نے اعتراض کیا اورکہاکہ افتخار چوہدری نے بابر اعوان کا وکالت کالائسنس معطل کیا تھا ، بابر اعوان میرے موکل کیخلاف تعصب رکھتے ہیں۔

عدالت نے افتخار چوہدری کے وکلا کو بابر اعوان کے وکالت نامے کے حوالے سے اعتراضات کوڈ آف کنڈکٹ کے مطابق دائرکرنے اور اس معاملے پر دلائل دینے کی ہدایت کی ہے ۔بابر اعوان کا کہنا تھا عمران خان کو جب عدالتوں سے انصاف نہیں ملا تو وہ سڑکوں پر آئے، الیکشن دھاندلی زدہ ہونے کا کئی دوسرے اہم سیاستدان بھی کہہ چکے ہیں مگر ایک مخصوص سوچ کے تحت عمران کیخلاف ہرجانے کا مقدمہ دائرکردیاگیا۔