ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ علیم ڈار سپروائز کریں گے

پاکستانی امپائر کو آسٹریلیا اور انگلینڈ میچ میں ذمے داری مل گئی


Sports Desk February 01, 2015
پاکستانی امپائر کو آسٹریلیا اور انگلینڈ میچ میں ذمے داری مل گئی۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: پاکستان کے علیم ڈار 14 فروری کو میلبورن میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔

آئی سی سی نے 11ویں ورلڈ کپ کیلیے آفیشلز کا اعلان جمعے کو کردیا، جس کے مطابق آئندہ ماہ شروع ہونے والے عالمی کپ میں 14 فروری کو ابتدائی دن دو میچز کھیلے جائیں گے، میلبورن میں ڈے اینڈ نائٹ مقابلے کو پاکستانی امپائر علیم ڈار اور سری لنکا کے کمار دھرماسینا سپروائز کریں گے، نیوزی لینڈ کے بلی باؤڈن تھرڈ امپائر کے فرائض انجام دیں گے، جوئیل ولسن چوتھے آفیشل مقرر کیے گئے ہیں جبکہ میچ ریفری نیوزی لینڈ کے چیف کرو ہوں گے، اس سے قبل صبح میں دوسرے مشترکہ میزبان نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان کرائسٹ چرچ میں شیڈول افتتاحی مقابلے کو ماریسس ایرسمس اور نائیجل لونگ سپروائز کریں گے۔

ایس روی اور سیمون فرائے بالترتیب تھرڈ اور فورتھ آفیشلز کی ذمے داریاں انجام دیں گے، سابق آسٹریلوی بیٹسمین ڈیوڈ بون میچ ریفری مقرر کیے گئے ہیں، بون اور کرو کے علاوہ کرس براڈ ، رنجن مدوگالے اور روشن مہانامہ بھی میگا ایونٹ کے دیگر میچز میں ریفریز کے فرائض انجام دینے کیلیے منتخب کیے گئے ہیں، 44 یوم پر محیط ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 49 میچز منعقد کیے جائیں گے۔

یہ تمام پانچوں آئی سی سی ایلیٹ پینل میں بھی شامل ہیں، ابتدائی چاروں امپائرز کے علاوہ بروس اوکسنفورڈ، ای ین گولڈ، پال ریفل، رچرڈ النگورتھ، رچرڈ کیٹل بروگ، روڈ ٹکر اور اسٹیو ڈیویس بھی ورلڈ کپ کے دیگر میچز میں آفیشلز کی ذمے داریاں انجام دیں گے،فرائے، روی اور ولسن ایمریٹس انٹرنیشنل پینل آف آئی سی سی امپائرز کا حصہ ہیں، ان کے علاوہ ایونٹ میں اس پینل سے جون کولٹے، کرس گیفینے، مائیکل گف، رینمور مارٹینز اور روچیرا پیلیاگرو بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔