پاک بھارت ٹاکرا فائنل سے پہلے فائنل کے مترادف ہے انضمام الحق

اگر پاکستان ٹائٹل جیتتا ہے تو روایتی حریف سے شکست کی پروا نہیں ہوگی، سابق کپتان


Sports Desk February 03, 2015
ہائی وولٹیج میچ ڈریسنگ روم سے ہی شروع ہوجائیگا ، کیویز اور پروٹیز فیورٹ ہیں، شعیب اختر فوٹو: فائل

سابق کپتان انضمام الحق اور شعیب اختر نے ورلڈ کپ کے آغاز پرپاک بھارت میچ کو اہم قرار دے دیا،

تفصیلات کے مطابق ایک بھارتی نجی چینل کی جانب سے منعقدہ پروگرام میں بات چیت کے دوران انضمام الحق نے 15 فروری کو ایڈیلیڈ میں شیڈول پاک بھارت مقابلے کو ورلڈ کپ فائنل سے قبل ہی فائنل قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ بھارتی بلے بازوں کو اسکور بورڈ پر بڑا مجموعہ سجانا ہوگا تاکہ اس کے بولرز اعتماد محسوس کرسکیں، اب آسٹریلیا کی پچز ہمارے وقت کے مقابلے میں کافی بہتر ہوگئی ہیں وہاں پر بیٹسمینوں کو زیادہ معاونت حاصل ہوتی ہے، میں سمجھتاہوں کہ ورلڈ کپ کے آغاز پر ہی پاک بھارت مقابلہ کافی اہمیت کا حامل ہے، آپ اسے فائنل سے پہلے فائنل سمجھ سکتے ہیں، اس موقع پر انضمام نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان ورلڈ کپ جیتتا ہے تو مجھے اپنی ٹیم کے بھارتی سائیڈ کے ہاتھوں شکست پر کوئی پروا نہیں ہوگی۔

دوسری جانب سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ہی اس ٹورنامنٹ کارنرڈ ٹائیگرز ہوں گے، یہ مقابلہ دراصل ڈریسنگ روم سے ہی شروع ہوجائے گا ، بھارت کے لیے اچھی بات یہ ہے کہ اس کی قیادت دھونی کے پاس ہے جوکہ کافی تجربہ کار اور پہلے ہی اپنے ملک کو ایک ورلڈ جتواچکے ہیں اس کے باوجود میں سمجھتا ہوں کہ اس مرتبہ ٹرافی کیلیے فیورٹ بھارت نہیں بلکہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ ہیں۔