اوپن لیٹر پر چلنے والی گاڑیوں سے دہشت گردی کا خدشہ

خریدار ایڈوانس ٹیکس کی ادائیگی سے بچنے کے لیے اوپن لیٹر پر گاڑیاں رکھنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔


Kashif Hussain February 04, 2015
کسی بھی ناخوشگوار واقعے میں اوپن لیٹر پر چلنے والی گاڑی کے استعمال کی صورت میں دہشت گردوں کا سراغ نہیں لگایا جاسکے گا۔اعلیٰ حکام کو خط۔ فوٹو: فائل

وفاقی حکومت کی جانب سے نئی گاڑیوں کی خریداری اور پہلی مرتبہ ٹرانسفر پر ایڈوانس ٹیکس کے نفاذ کے بعد گاڑیوں کی اوپن لیٹر پر خریدو فروخت بڑھ گئی۔

خریدار ایڈوانس ٹیکس کی ادائیگی سے بچنے کے لیے اوپن لیٹر پر گاڑیاں رکھنے کو ترجیح دے رہے ہیں جو ملک کے موجودہ سیکیورٹی حالات میں سنگین خطرہ ہے، اوپن لیٹر پر بکنے والی گاڑیاں دہشت گردی میں استعمال ہوسکتی ہیں، کار بازاروں اور اشتہار کے ذریعے فروخت کی جانے والی گاڑیوں میں زیادہ تر نئی گاڑیاں اوپن لیٹر پر ہی خریدی اور فروخت کی جارہی ہیں جبکہ کلاسیفائڈ ویب سائٹس پر بھی نئی گاڑیاں اوپن لیٹر پر بیچی اور خریدی جارہی ہیں جن میں خریدوفروخت کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں اور اوپن لیٹر کی وجہ سے گاڑی خریدنے اور استعمال کرنے والے کا سراغ لگانا ناممکن ہوگیا ہے۔

اس خطرے کی نشاندہی آل پاکستان موٹرڈیلرز ایسوسی ایشن نے وزیر اعظم نواز شریف، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سندھ کے نام انتباہی خط میں کی ہے، ایسوسی ایشن کے چیئرمین ایچ ایم شہزاد نے خط میں کہاکہ اوپن لیٹر پر چلنے والی گاڑیوں تک دہشت گردوں کی رسائی آسان ہوگئی ہے اور خدانخواستہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے میں اوپن لیٹر پر چلنے والی گاڑی کے استعمال کی صورت میں دہشت گردوں کا سراغ نہیں لگایا جاسکے گا، گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر پر ایڈوانس ٹیکس کا نفاذ دہرا ٹیکس ہے بالخصوص درآمدی گاڑیوں پر درآمد کی سطح پر بھاری ٹیکس وصول کیے جاتے ہیں۔

ایسوسی ایشن نے ہر سطح پر قومی محصولات بڑھانے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کیا، گزشتہ بجٹ میں گاڑیوں کی امپورٹ پر ڈیوٹی بھی بڑھائی گئی ہے جس کے بعد ایڈوانس ٹیکس کا نفاذ نہ صرف خریداروں پردہرا دبائو ہے بلکہ اس ٹیکس کے بعد سے سندھ حکومت کو بھی موٹروہیکل رجسٹریشن اور ٹرانسفر فیس وصولی میں کمی کا سامنا ہے، ملک کی موجودہ صورتحال میں اوپن لیٹر گاڑیاں رکھنے کا رجحان سلامتی کے لیے خطرہ ہے اس لیے گاڑیوں کی خریداری اور ٹرانسفر پر ایڈوانس ٹیکس کا فیصلہ واپس لیا جائے تاکہ خریدار ایڈوانس ٹیکس سے بچنے کے بجائے فوری طور پر گاڑیاں اپنے نام کرائیں اور اوپن لیٹر پر مقررہ دنوں سے زائد گاڑیاں رکھنے والے مالکان کو تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے۔

مقبول خبریں