ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں بارش سے رنگ میں بھنگ پڑنے کا خطرہ

نیوزی لینڈ اور سری لنکاکا مقابلہ 20 اوورز فی سائیڈ تک بھی محدود ہونے کا امکان


Sports Desk February 10, 2015
میچ کے موسم کی نذر ہونے پر دونوں ٹیموں میں پوائنٹس تقسیم کردیے جائیں گے ۔ فوٹو : اے ایف پی

بارش کی جانب سے ورلڈ کپ افتتاحی میچ کے دوران رنگ میں بھنگ ڈالنے کا خطرہ موجود ہے، نیوزی لینڈ اور سری لنکاکا میچ 20 اوورز فی سائیڈ تک بھی محدود ہونے کا امکان ظاہر کیا جانے لگا۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے محکمہ موسمیات کی جانب سے ہفتے کے روز کرائسٹ چرچ پر گہرے سیاہ بادلوں کی موجودگی کی پیشگوئی ہوئی ہے، اسی وینیو پر میزبان اور سری لنکا کے درمیان ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ شیڈول ہے۔ ڈیوٹی فورکاسٹ آفیسر ڈیوڈ ملر نے کہاکہ ہفتے کے روز صبح سویرے کرائسٹ چرچ میں گہرے بادلوں کی موجودگی کا امکان تاہم دوپہر کے بعد مطلع صاف ہوسکتا ہے، درجہ حرارت 17 سینٹی گریڈ رہے گا، انھوں نے کہا کہ ابھی چند روز باقی ہیں جس میں موسم کی صورتحال زیادہ واضح ہوسکتی ہے، کبھی ایسا ہوتا ہے کہ پیشگوئی سے پہلے ہی بارش ہوجاتی اور کبھی بعد میں ہوتی ہے، ہفتے سے قبل زیادہ بہتر اندازہ لگایا جاسکے گا۔

یاد رہے کہ آئی سی سی کنڈیشنز کے مطابق ورلڈ کپ میں کسی میچ کے بارش کی نذر ہونے پر دونوں ٹیموں میں پوائنٹس تقسیم کردیے جائیں گے، اگر پہلے کنڈیشنز کھیلنے کے قابل ہوجائیں تو پھر دونوں ٹیموں کے درمیان 20، 20 اوورز کا مقابلہ ہوسکتا ہے۔ آئی سی سی ترجمان کی جانب سے یہ واضح کیا جاچکاکہ اگر کوئی میچ بارش کی نذر ہوا تو ٹکٹ ہولڈرز کو مکمل قیمت واپس کی جائے گی۔