لیوڈن کا پاکستانی ٹیم کی کوچنگ سے دل اچاٹ

 بورڈ نے معاہدے کا سہارا لیکر جانے سے روکا، مینجمنٹ انداز ٹریننگ سے ناخوش


Sports Desk February 19, 2015
 ٹرینرنے استعفیٰ ورلڈ کپ شروع ہونے سے قبل ذاتی وجوہات پر دیا تھا، بورڈ کی تصدیق فوٹو : اے ایف پی

قومی کرکٹ ٹیم کے ٹرینر و فیلڈنگ کوچ گرانٹ لیوڈن کا پاکستانی ٹیم کی کوچنگ سے دل اچاٹ ہوگیا۔

گرانٹ لیوڈن جس انداز سے ٹریننگ کرانا چاہتے ہیں مینجمنٹ اس سے مطمئن نہیں اسی لیے وہ ورلڈ کپ سے قبل ہی خاموشی سے سائیڈ لائن ہونا چاہتے تھے لیکن بورڈ نے انہیں معاہدہ پورا کرنے کا کہہ کر روکا۔


تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز نجی ٹی وی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ فیلڈنگ کوچ اور ٹرینر گرانٹ لوڈن کچھ کھلاڑیوں کے رویے سے خوش نہیں، ان کی تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد غصے میں انھوں نے بورڈ کو اپنا استعفی بھیج دیا۔ رپورٹس کے مطابق بورڈ کے ڈائریکٹر آپریشن ذاکر خان نے فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے لوڈن کا غصہ ٹھنڈا کرتے ہوئے انھیں کام جاری رکھنے پر راضی کیا،دوسری جانب حسب سابق سب اچھا اور اختلافات کو میڈیا کی اختراع بھی قرار دے ڈالا۔ پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بورڈ، ٹیم مینجمنٹ اور تمام کھلاڑی اپنی ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں۔

منگل کی دوپہر کو بھی پوری ٹیم نے ایک ساتھ ٹریننگ کی، اس موقع پر ہیڈ کوچ وقار یونس نے نگرانی کی جبکہ تمام دیگر کوچز اور اسسٹنٹ منیجر شاہد اسلم بھی 4 گھنٹوں کے اس سیشن کی تمام سرگرمیوں میں شریک رہے، بدھ کو بھی یہ سلسلہ جاری رہا، لوڈن نے منتخب لڑکوں کے گروپس کے ساتھ دونوں روز اضافی ایک گھنٹہ تک محنت کی۔ پی سی بی نے تسلیم کیا کہ فیلڈنگ کوچ نے استعفیٰ دیا تھا مگر یہ ورلڈ کپ سے قبل کی بات تھی، اس کی وجہ چند ذاتی مسائل بنے مگر انھیں اپنے 2سالہ معاہدہ پورا کرنے پر راضی کرلیا گیا، دوسری جانب ذرائع نے دعویٰ کیا کہ لیوڈن مینجمنٹ سے بھی خوش نہیں،وہ جس انداز سے ٹریننگ کرانا چاہتے ہیں اس کی اجازت ہی نہیں مل پاتی،یاد رہے کہ گرانٹ لوڈن کی بحیثیت فیلڈنگ کوچ تقرری مئی 2014 میں 2 سال کیلیے عمل میں آئی تھی۔ اس سے قبل وہ بنگلہ دیشی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ تھے۔