برطانوی خفیہ ادارہ جاسوسی کے لئے پاکستان کی موبائل کمپنیوں کو ہیک کرنے میں ناکام

پاکستانی کمپنیاں زیادہ جدید ٹیکنالوجی استعمال کرتی ہیں جس کی وجہ سے وہ ہیک ہونے سے محفوظ رہیں


ویب ڈیسک February 20, 2015
برطانوی ایجنسی موبی لنک اور ٹیلی نور کے کوڈز ہونے کے باوجود فون کالز سننے میں ناکام رہی۔ فوٹو: فائل

FAISALABAD: امریکی ویب سائیٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ برطانوی خفیہ ادارہ جاسوسی کے لئے پاکستان کی موبائل کمپنیوں کو ہیک کرنے میں ناکام ہوگیا ہے۔

امریکی ویب سائیٹ ''دی انٹرسیپٹ '' میں شائع رپورٹ کے مطابق امریکی سی آئی اے کے سابق اہلکار ایڈورڈ اسنوڈن کی جانب سے فراہم کردہ خفیہ دستاویزات سے پتہ چلا ہے کہ برطانوی انٹیلی جنس ادارے نے 2010 میں موبائل فون سمز بنانے والی کمپنی ''جیملٹو ناما'' کا نیٹ ورک ہیک کرکے مختلف ملکوں میں کام کرنے والی سیلیولر کمپنیوں کے کوڈ چوری کئے۔ ایجنسی نے ان کوڈز کی مدد سے ایران، افغانستان، یمن، بھارت، سربیا، آئس لینڈ اور تاجکستان میں موبائل فون نیٹ ورک ہیک کرکے فون کالز کو ریکارڈ کیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برطانوی ایجنسی کے پاس پاکستانی موبائل کمپنی موبی لنک اور ٹیلی نور کے کوڈز تھے لیکن وہ دونوں کمپنیوں کے نیٹ ورک کو ہیک کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برطانوی ایجنسی کی ناکامی کی وجہ یہ ہوسکتا ہے کہ پاکستانی کمپنیاں زیادہ محفوظ ٹیکنالوجی استعمال کرسکتی ہیں۔