پریزیڈنٹ ٹرای زرعی ترقیاتی بینک کو اننگز کی شکست کا سامنا

فالوآن کے بعد 185 پر 9 وکٹیں گنوا دیں، پورٹ قاسم کے سلمان کی ففٹی ،کاشف نے5 وکٹیں لیں


Sports Reporter October 06, 2012
فالوآن کے بعد زرعی ترقیاتی بینک نے 9 وکٹ پر 185 رنز بنائے۔ فوٹو فائل

پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ میں کے آر ایل کیخلاف زرعی ترقیاتی بینک کو فالوآن ہونے کے بعد یقینی شکست کا سامنا ہے۔

اسٹیٹ بینک نے فائٹ بیک کرتے ہوئے پی آئی اے کے خلاف پہلی اننگز میں 17 رنز کی برتری حاصل کرلی،نیشنل بینک کی ٹیم حبیب بینک کے خلاف دوسری اننگز میں 143 رنز پر 7 وکٹیں گنوا کر مشکل صورتحال سے دوچار ہوگئی۔جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں کے آر ایل کے 496 رنز کے پہاڑ تلے زرعی ترقیاتی بینک کی ٹیم دب گئی،194 پر ڈھیر ہونے کے سبب اسے فالوآن کا شکار ہونا پڑا، پاکستان انڈر 19 کے کپتان بابر اعظم نے سب سے زیادہ 74 رنز بنائے جبکہ شرجیل خان نے بھی ففٹی داغی، محمد عرفان نے73رنز دے کر 4 اور راحت علی نے52 رنز کے عوض3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

فالوآن کے بعد زرعی ترقیاتی بینک نے 9 وکٹ پر 185 رنز بنائے، اسے یقینی اننگز کی شکست کا سامنا ہے کیونکہ اب بھی 117 رنز درکار اورصرف ایک وکٹ باقی ہے، زوہیب خان نے نصف سنچری اسکورکی، نیر عباس نے75 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کی اننگز کا خاتمہ کیا۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی آئی اے نے دوسری اننگز میں 3 وکٹ پر112 رنز بنائے،آغا صابر نے 59 رنز کی اننگز کھیلی، کامران ساجد نے23 رنز بنائے، قبل ازیں اسٹیٹ بینک نے فائٹ بیک کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 338 رنز بناکر 17 رنز کی برتری حاصل کرلی، فائٹ بیک کرنے میں محتشم علی نے اہم کردار ادا کیا۔

وہ صرف 4 رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کرسکے اور 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 96 رنز بنائے، گذشتہ روز سنچری مکمل کرنے والے عثمان ارشد113رنز بنا کر آئوٹ ہوئے،نجف شاہ نے 2 وکٹیں لیں۔ این بی پی اسٹیڈیم میں پورٹ قاسم نے یوبی ایل کے خلاف 237 رنز بنائے ، محمد سلمان نے 55 کی اننگز کھیلی،کاشف بھٹی نے55 رنز دے کر5کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شبیر احمد نے3وکٹیں حاصل کیں۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں حبیب بینک نے پہلی اننگز میں 318 رنز بنائے۔

اسے 11 رنزکا خسارا برداشت کرنا پڑا تاہم بولرز نے نیشنل بینک کو دوسری اننگز میں143پر7 کھلاڑیوں سے محروم کردیا، بلال منیر نے 39 اور عقیل انجم نے 34 رنز بنائے، اسلم قریشی نے20 رنز کے عوض 3وکٹیں اپنے نام کیں۔ اقبال اسٹیڈیم میں سوئی ناردرن گیس نے واپڈا کے خلاف پہلی اننگز میں 66 رنز کی سبقت حاصل کرلی، سوئی ناردرن کی ٹیم266 رنز پر آئوٹ ہوگئی، محمد رضوان 68 کے ساتھ ٹاپ اسکورررہے، ذوالفقار بابر نے56 رنز دے کر5 وکٹیں اپنے نام کیں۔