توقیرصادق کی گرفتاری کے لیے نیب کی ٹیم لاہور پہنچ گئی

پولیس نے نیب کوگورنر ہائوس میں چھاپے کے لیے نفری دینے کی یقین دہانی کرادی


Monitoring Desk October 06, 2012
پولیس نے نیب کوگورنر ہائوس میں چھاپے کے لیے نفری دینے کی یقین دہانی کرادی۔ فوٹو: ٹی ایم این

BUDAPEST: سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی گرفتاری کیلیے نیب کی ٹیم لاہور پہنچ گئی ہے اور اس نے پنجاب پولیس سے نفری حاصل کرنے کیلیے مشاورت مکمل کرلی ہے۔

تاہم وہ گورنر ہاؤس چھاپے کیلیے چیئرمین نیب کے حکم کی منتظر ہے۔ ایک ٹی وی چینل نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ نیب کی7رکنی ٹیم ڈپٹی ڈائریکٹر نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد وقاص احمد خان کی سربراہی میں لاہور پہنچی اور سی سی پی او لاہور سے پولیس نفری کیلیے درخواست کی جس پر سی سی پی او نے انھیں متعلقہ ایس پی سول لائنز کی طرف بھیجا اور بھرپور پولیس مدد کیلیے کہا تاہم نیب کی ٹیم نے اس کی بجائے تھانہ ریس کورس کے ایس ایچ او سے ملاقات کی کیونکہ گورنر ہائوس لاہور تھانہ ریس کورس کی حدود میں موجود ہے۔

ذرائع کا کہناہے کہ نیب کی ٹیم کے پاس سپریم کورٹ کا حکمنامہ موجود ہے، جس میں تحریر ہے کہ سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کو گرفتار کیا جائے کیونکہ ان پر84 ارب روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب ایڈمرل (ر) فصیح بخاری کی ہدایت تک چھاپے کاعمل روکا گیاہے، البتہ پنجاب پولیس نے نیب کو گورنر ہائوس میں چھاپے کیلیے بھرپور طریقے سے پولیس نفری دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔