شہر کی صورتحال مزید بہتر ہوگی کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا کور کمانڈر

رینجرز نے آپریشن میں بڑی کامیابیاں حاصل کیں،قومی ایکشن پلان پر درست سمت کی جانب بڑھ رہے ہیں، لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار


Staff Reporter March 02, 2015
لیاری میں فٹ بال مقابلے جلد منعقد کیے جائینگے تاکہ شہر کی کھوئی ہوئی رونقیں بحال ہوسکیں، رینجرزاوپن شوٹنگ چیمپیئن شپ کی تقریب میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

DUBAI: کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے کہا ہے کہ شہر کی صورت حال مزید بہتر ہوگی، کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، آپریشن کے نتیجے میں گزشتہ دنوں اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور جاری آپریشن کے باعث جرائم میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔

اتوار کو سپر ہائی وے ٹول پلازہ کراچی کے قریب واقع سندھ رینجرز کے شوٹنگ اور سڈل کلب میں جاری دوسری رینجرز اوپن شوٹنگ چیمپیئن شپ کی اختتامی تقریب کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کور کمانڈر کراچی نے مزید کہا کہ دہشت گردی ایک لانگ ٹرم چیلنج ہے جس کا مقابلہ کر رہے ہیں، کراچی آپریشن احسن طریقے سے جاری ہے اور سندھ رینجرز کراچی آپریشن کو لیڈ کر رہی ہے، جاری آپریشن کے نتیجے میں گزشتہ چند ماہ میں بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے کراچی آپریشن میں منصوبے کے تحت آگے بڑھارہے ہیں، کراچی کی صورتحال مزید بہتر ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ کراچی آپریشن کے نتیجے میں اغوا برائے تاوان کے اہم ملزمان پکڑے گئے ہیں جو عدالتی نظام کے تحت اپنے منطقی انجام کو پہنچیں گے، قومی ایکشن پلان کے تحت تمام صوبے مخلص اقدام کر رہے ہیں اور صوبہ سندھ میں بھی بیشتر اقدام کیے گئے ہیں، ہم درست سمت کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سندھ رینجرزکی جانب سے منعقد کیے جانے والے شوٹنگ کے مقابلے اپنی نوعیت کی بین الااقوامی سہولت ہے اور کراچی کے شہری رینجرز کی اس سہولت سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کھیل کو ملک میں امن اور ترقی کے استعمال کرنا چاہیے، کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی فتح سے پوری قوم اکٹھی ہوگئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں میں لیاری میں ہونے والے باکسنگ کے مقابلے دلچسپ تھے جنھیں شائقین کے بہت سراہا اور جلد ہی فٹ بال کے مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ شہر کی کھوئی ہوئی رونقیں بحال ہو سکیں۔ کور کمانڈر کراچی نے اسکیٹ فائرنگ کا معائنہ کیا اور فائرنگ کے مقابلوں میں کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔ اس موقع پر ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے کور کمانڈر کراچی کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔