کراچی میں پولیس اوررینجرز کی کارروائیوں میں 2 دہشت گرد ہلاک اور 10 گرفتار

ویب ڈیسک  ہفتہ 7 مارچ 2015
شہر کے مختلف علاقوں سے گرفتار ہونےوالے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے، ترجمان رینجرز، فوٹو:فائل

شہر کے مختلف علاقوں سے گرفتار ہونےوالے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے، ترجمان رینجرز، فوٹو:فائل

 کراچی: پولیس اور رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کارروائی کرکے 2 دہشت گردوں کو ہلاک جب کہ 10 کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کےمطابق پولیس نے کراچی کے علاقے نیو سبزی منڈی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو علاقے میں موجود دہشت گردوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی جس کے بعد پولیس کی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ راؤ انوار کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم جماعت سے ہے جس میں سے ایک کی شناخت شہزاد علی کے نام سے ہوئی جو ڈیرہ اسماعیل خان جیل توڑنے میں ملوث تھا جب کہ ان کے قبضے سے موٹر اور اسلحہ سمیت دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔

دوسری جانب رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرکے 10 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق بلدیہ ٹاؤن، لاسی گوٹھ، پٹھان کالونی، شیریں جناح کالونی اور پیر آباد سے گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے جب کہ ملزمان کے قبضے سے ایس ایم جی سمیت دیگر اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔