پاکستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار فتح

ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم نےجنوبی افریقہ کو ہرا کر اپنا تیسرا میچ جیتا اور اب اس کے اپنے پول میں 6 پوائنٹ ہو گئے ہیں۔


Editorial March 08, 2015
آئر لینڈ کے خلاف میچ میں ہمارے بلے بازوں کو ذمے داری کا مظاہرہ کر کے اچھی پرفارمنس دینی ہو گی۔ فوٹو : اے ایف پی

پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ کو 30 رنز سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچنے کے امکانات خاصی حد تک روشن کر لیے ہیں، ورلڈ کپ مقابلہ میں پاکستان نے پہلی بار جنوبی افریقہ کو ہرایا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو ہرا کر اپنا تیسرا میچ جیتا اور اب اس کے اپنے پول میں 6 پوائنٹ ہو گئے ہیں، اس پول سے بھارت کواٹر فائنل کے لیے پہلے ہی کوالیفائی کر چکا ہے، اب پاکستان کا اگلا میچ آئرلینڈ سے ہو گا، پاکستان کو یہ میچ بھی جیتنا ہو گا تا کہ کوارٹر فائنل میں بغیر کسی حساب کتاب کے پہنچ سکے۔

اس عالمی ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم اپنے ابتدائی میچوں میں بھارت اور ویسٹ انڈیز سے ہار گئی تھی، اس کے بعد ٹیم کے کھلاڑیوں پر زبردست تنقید کی گئی، اب پاکستانی کھلاڑی بتدریج بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ پاکستان کا فاسٹ باؤلنگ اسکواڈ خاصے ردھم میں آ گیا ہے، محمد عرفان، وہاب ریاض اور راحت علی اچھی اور نپی تلی باؤلنگ کر رہے ہیں اوران میں انرجی بھی نظر آ رہی ہے، سرفراز احمد کی شمولیت کے بعد وکٹ کیپنگ کا شعبہ بہتر ہوا ہے اور ٹیم کی بیٹنگ لائن میں بھی بہتری آئی۔

پاکستان کی بیٹنگ کو ابھی مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ مصباح الحق کے سوا دیگر سینئر کھلاڑی توقعات پر پورا نہیں اتر رہے، آئر لینڈ کے خلاف میچ بڑا اہم ہے، آئر لینڈ کی ٹیم بھی تین میچ جیت چکی ہے، اس نے ویسٹ انڈیز جیسی مضبوط ٹیم کو ہرایا ہے، آئر لینڈ کے خلاف میچ میں ہمارے بلے بازوں کو ذمے داری کا مظاہرہ کر کے اچھی پرفارمنس دینی ہو گی۔ اگلے بلے باز فارم میں آ جائیں تو پھر پاکستان اگلے میچوں میں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتا ہے۔