بیلسٹک میزائل شاہین 3 کا کامیاب تجربہ

یہ کامیاب تجربہ اس امرکا غماز ہے کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت بتدریج مضبوط ہوتی جارہی ہے ۔


Editorial March 11, 2015
عوام کے دل مسلح افواج کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور انھیں اپنی فوج کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد اور اعتبار ہے۔ فوٹو : فائل

خطے میں پاکستان کی جغرافیائی اہمیت سے انکار ممکن نہیں، پاک فوج ملکی سرحدوں کی نگہبان ومحافظ ہے، اس کے جواں جذبہ شہادت سے سرشار ہے، وطن عزیزکے دفاع کوناقابل تسخیر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا حصول بھی اہمیت وافادیت کا حامل ہے، کیونکہ پاکستان کا محل وقوع ایسا ہے کہ اسے اپنے دفاع کے لیے زیادہ سے زیادہ توجہ مبذول کرنا پڑتی ہے ۔جب ایک پڑوسی ملک سپرپاور بننے اورجنگی جنون میں مبتلا ہو توپھردفاع وطن سے غافل نہیں رہا جاسکتا ۔

پاکستان نے اگلے رو ز زمین سے زمین پر طویل فاصلے تک مارکرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین 3 کا کامیاب تجربہ کیا، پورا بھارت اس کی رینج میں آگیا ہے۔ یہ میزائل ایٹمی اور روایتی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت کا حامل اور دو ہزار 750 کلومیٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی اہلیت کا حامل ہے ۔ یہ کامیاب تجربہ اس امرکا غماز ہے کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت بتدریج مضبوط ہوتی جارہی ہے ۔ جس کا سہرا سائنس دانوں کے سر ہے ، بالخصوص ان کی تکنیکی وپیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

سرحدوں پر بھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ طاقت کے گھمنڈ میں مبتلا ہونے کی نشانی ہے ۔ جب کہ پاکستان خطے کے تمام ممالک سے پرامن تعلقات کا خواہاں ہے، لیکن بھارت کو یہ بات ہرگز نہیں بھولنی چاہیے کہ ہماری مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں ۔

میزائل تجربے سے نہ صرف عوام میں خوشی کی لہردوڑگئی بلکہ صدرمملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے شاہین 3 بیلسٹک میزائل کے کامیاب تجربے پر ماہرین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے کسی چیز پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انتہائی صائب بات ہے کہ دفاع وطن کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے ، عوام کے دل مسلح افواج کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور انھیں اپنی فوج کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد اور اعتبار ہے ۔