23 لاکھ گاڑیوں کا ڈیٹاحاصل ساڑھے5لاکھ غیرقانونی نکلیں

ساڑھے3لاکھ نان کسٹم پیڈ،اسمگل شدہ،3لاکھ11ہزارڈپلکیٹ چیسزنمبرکی حامل ہیں


Numainda Express October 07, 2012
ساڑھے3لاکھ نان کسٹم پیڈ،اسمگل شدہ،3لاکھ11ہزارڈپلکیٹ چیسزنمبرکی حامل ہیں۔ فوٹو فائل

ایف بی آرنے 23 لاکھ گاڑیوں کاڈیٹا اکھٹاکرکے نان ڈیوٹی پیڈ،اسمگل شُدہ اور ڈپلیکیٹ چیسز نمبروں والی ساڑھے5لاکھ گاڑیوں کیخلاف کارروائی شروع کردی ہے۔

کسٹم حکام نے2دن کے دوران اسلام آباد ،لاہور،کراچی اوردیگر شہروں سے80سے زائد نان کسٹمزپیڈ اوراسمگل شُدہ گاڑیاں پکڑ لی ہیں،اس کارروائی کی منظوری جمعے کوچیئرمین ایف بی آرعلی ارشدحکیم کی زیر صدارت کراچی میں کلکٹرز کانفرنس میں دی گئی تھی،کلکٹرز کانفرنس میں شریک ایک سینئرافسر نے''ایکسپریس''کوبتایاکہ پکڑی جانیوالی گاڑیاں ڈیوٹی، ٹیکس ، ڈیفالٹ سرچارج اورجرمانہ کی عدم ادائیگی پرضبط کرلی جائیںگی جبکہ اسمگل شُدہ گاڑیاں رکھنے والوں کیخلاف کاروائی ہوگی۔

ذرائع نے بتایا کہ کلکٹرزکانفرنس کو بتایا گیاہے کہ ایف بی آر نے 23 لاکھ گاڑیوں کا ڈیٹا اکھٹا کیاہے، ان میں سے3لاکھ 11 ہزار 264 گاڑیاں ڈپلیکیٹ چیسز نمبرز کی حامل ہیں جبکہ60ہزار گاڑیاں ایسی ہیں جن کے چیسزنمبرڈپلیکیٹ اور رجسٹریشن نمبرز مختلف ہیں ، 19ہزار لگژری گاڑیوںکابھی ڈیٹاحاصل کیاگیاہے جن کے مالکان ٹیکس ادانہیں کررہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ساڑھے3لاکھ نان ڈیوٹی پیڈ اوراسمگل شُدہ گاڑیوں کیخلاف کارروائی کی منظوری دی گئی ہے ، پہلے مرحملے میں پکڑی جانیوالی گاڑیوں کے مالکان کواپنی گاڑیوں کو قانونی حیثیت دینے کیلیے موقع دیا جائے گاتاہم اس رعایت سے فائدہ نہ اٹھانے کی صورت میں گاڑیاں ضبط کرنے کے ساتھ ساتھ مالکان کیخلاف کارروائی بھی کی جائیگی۔