پاٹے خاں بننے کی بجائے گورنر پنجاب آئینی کردار ادا کریںرانا ثنا

لطیف کھوسہ کو بدعنوانی کے باعث اٹارنی جنرل اور وفاقی وزیر کے عہدوں سے ہٹایا گیا


Numainda Express October 07, 2012
نااہل گورنرکی کرپٹ پارٹی کاانجام آئندہ انتخابات میں دنیا دیکھے گی، گورنر کے بیان پر تبصرہ۔ فوٹو: فائل

صوبائی وزیرقانون رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ گورنر لطیف کھوسہ کے بیانات سے عوام ان کی ذہنی کیفیت کا بخوبی اندازہ لگا سکتے ہیں اور ایسے گورنر کا ہونا پنجاب کے عوام کی بدنصیبی ہے جسے نااہلی اور بدعنوانی کے باعث سپریم کورٹ کی جانب سے اٹارنی جنرل اور وفاقی وزیر کے عہدوں سے ہٹایا جا چکا ہو۔

گورنر کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اس طرح کی بیان بازی کر کے گورنر لطیف کھوسہ نے ثابت کیا ہے کہ وہ اس عہدے کے بالکل اہل نہیں ہیں اور وہ صرف اور صرف اپنی نوکری پکی کرنے کے چکر میں ہیں۔ انھوں نے گورنر پنجاب کو مشورہ دیا کہ پاٹے خاں بننے کے بجائے اپنا آئینی کردار ادا کریں۔ انھوں نے کہا کہ وفاق میں برسراقتدار پارٹی گھٹنے گھٹنے کرپشن میں ڈوبی ہوئی ہے اور اس کے نمائندے کے طور پر گورنر کی سیٹ پر براجمان لطیف کھوسہ بھی ویسے ہی ردعمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ نااہل گورنر کی کرپٹ پارٹی کا انجام آئندہ انتخابات میں دنیا دیکھے گی اور انھیں دوبارہ لوگوں کو اندھیروں میں دھکیلنے اور لوٹ مار کرنے کا موقع بالکل نہیں ملے گا۔