یونس کا خراب فارم کے سامنے ہتھیار ڈالنے سے انکار

بقیہ میچزمیں بہترین کھیل سے ورلڈکپ کی ’’ہیپی اینڈنگ‘‘چاہتا ہوں، سینئر بیٹسمین


Sports Desk March 13, 2015
ریٹائرمنٹ کاارادہ نہیں،جب جسم نے ساتھ دینا چھوڑا توکھیل سے الگ ہوجاؤں گا فوٹو : اے ایف پی

لاہور: سینئر بیٹسمین یونس خان نے خراب فارم کے سامنے ہتھیار ڈالنے سے انکار کر دیا، وہ بقیہ میچز میں بہترین کھیل پیش کر کے ورلڈکپ کی ''ہیپی اینڈنگ'' چاہتے ہیں، انھوں نے ریٹائرمنٹ کے امکان کو بھی خارج از امکان قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یونس خان نیوزی لینڈ سے ون ڈے سیریز اور پھر ورلڈکپ کے ابتدائی دونوں میچز میں بھی بدترین ناکامی کا شکار ہوئے،اس وجہ سے بادل نخواستہ انھیں ڈراپ کرنا پڑا، جنوبی افریقہ کیخلاف مقابلے سے قبل جب حارث سہیل ان فٹ ہوئے تو انھیں واپسی کا موقع ملا، اس بار وہ37رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

مگر اب تک بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے ہیں، وہ بھی اس پر تشویش کا شکار مگر آئرلینڈ کیخلاف بڑی اننگز کھیل کر جمود توڑنا چاہتے ہیں، ایڈیلیڈ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ گذشتہ میچ میں گیند بہتر انداز سے بیٹ پر آ رہی تھی مگر بدقسمتی سے آؤٹ ہو گیا، اب ساری کسر پوری کرنا چاہتا ہوں، اگر ورلڈکپ کی ''ہیپی اینڈنگ '' ہو جائے تو اس سے اچھی کوئی بات نہ ہو گی، ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ کسی کے کہنے سے میں اچھا نہ ہی بُرا ہو جاؤں گا۔

اس لیے میں تنقید کو خود پر سوار کرنے کے بجائے مثبت انداز سے لیتا ہوں، میرا ورلڈکپ کے بعد بھی ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں، جب ایسا لگا کہ جسم میرا ساتھ نہیں دے رہا تو خود ہی کھیل سے الگ ہو جاؤں گا۔ ایک سوال پر یونس خان نے کہاکہ میں یہ بتانے سے تو قاصر ہوں کہ بیٹسمین کیوں اب تک اچھا پرفارم نہیں کر سکے لیکن ٹیم محنت کر رہی ہے اور آگے جا کر پرفارم کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ ہم ہر میچ کو آخری سمجھ کر کھیل رہے اور بھرپور کوشش ہے کہ آئرلینڈ کوشکست دے کر کوارٹر فائنل کھیلیں، پھر سیمی فائنل اور فائنل میں پہنچ کر ورلڈ کپ جیتنے کی خواہش ہے۔