میٹرک امتحانات میں سرکاری اسکولوں کے طلبا کی بدترین کارکردگی سامنے آگئی

کراچی کے سرکاری اسکولوں کے57 فیصد سے زائد طلبہ وطالبات 2014 کا میٹرک کا سالانہ امتحان پاس کرنے میں ناکام ہوگئے


Safdar Rizvi March 16, 2015
نجی اسکولوں سے داخلے لے کرسائنس اورجنرل گروپ کے تحت میٹرک کا امتحان دینے والے 76.10 فیصد طلبہ و طالبات نے دسویں جماعت کا امتحان پاس کیا ہے۔ فوٹو: فائل

لاہور: کراچی کے سرکاری اسکولوں کے معیارکی بہتری کے لیے عالمی مالیاتی اداروں کی اربوں ڈالرکی فنڈنگ اورکروڑوں روپے کے اخراجات سے این ٹی ایس کے تحت اساتذہ کی بھرتیاں بھی کام نہ آسکیں۔

ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت میٹرک کے سالانہ امتحانات میں شہرکے سرکاری اسکولوں کی بدترین کارکردگی سامنے آئی ہے، بجٹ میں اربوں روپے کے اخراجات ظاہرکیے جانے کے باوجود کراچی کے سرکاری اسکولوں کے57 فیصد سے زائد طلبہ وطالبات 2014 کا میٹرک (دسویں جماعت) سائنس اورجنرل گروپ کا سالانہ امتحان پاس کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں، محکمہ تعلیم اور ریفارم سپورٹ یونٹ کی جانب سے سرکاری اسکولوں کے معیارکو بہتر بنانے کے دعوے دھرے رہ گئے ہیں، محض42.77 فیصد طلبا نے میٹرک کاامتحان پاس کیا ہے میٹرک کے امتحان میں فیل ہونے والے سرکاری اسکولوں کے طلبا میں60 فیصد طلبا سائنس گروپ کے امتحان میں جبکہ 53 فیصد طلبا جنرل گروپ کے امتحان میں ناکام ہوئے۔

اس کے برعکس نجی اسکولوں سے داخلے لے کرسائنس اورجنرل گروپ کے تحت میٹرک کا امتحان دینے والے 76.10 فیصد طلبہ و طالبات نے دسویں جماعت کا امتحان پاس کیا ہے اور 24 فیصد طلبا اس امتحان میں فیل ہوئے سائنس گروپ کے امتحان میں نجی اسکولوں کے 76فیصد جبکہ جنرل گروپ کے بھی 76.3فیصد طلبا نے امتحان میں کامیابی حاصل کی، ثانوی تعلیمی بورڈ سے حاصل اعدادوشمارکے مطابق میٹرک سائنس اورجنرل گروپ کے امتحانات میں سرکاری اسکولوں سے مجموعی طورپر 34013 طلبا امتحان میں شریک ہوئے جن میں سے 14550طلبا نے کامیابی حاصل کی اور 19663طلبا امتحان میں فیل ہوگئے۔

سائنس گروپ کے امتحان میں سرکاری اسکولوں سے مجموعی طورپر22231 طلبا نے امتحان دیا تھا جس میں سے 8898 طلبا نے سائنس گروپ کاامتحان پاس کیا13333طلبا سائنس گروپ کے امتحان میں ناکام ہوگئے، میٹرک جنرل گروپ کے امتحان میں سرکاری اسکولوں سے مجموعی طورپر 11782طلبا شریک ہوئے اور 5652 نے یہ امتحان پاس کیا اور 6130 طلبا فیل ہوگئے، اس کے برعکس میٹرک سائنس اورجنرل گروپ کے لیے میٹرک کے امتحانات میں نجی اسکولوں سے مجموعی طورپر 118713طلبا نے شرکت کی اور 90344 نے امتحان پاس کیا 28369 طلبا جنرل اور سائنس گروپ کا امتحان پاس نہ کرسکے۔

نجی اسکولوں سے سائنس گروپ کے 112800طلبا نے امتحان میں شرکت کی 85832 طلبا پاس اور 26968 طلبا فیل ہوگئے، جنرل گروپ میٹرک کے امتحان میں نجی اسکولوں سے5913 طلبا نے شرکت کی 4512 نے کامیابی حاصل کی اور 1401طلبا فیل ہوگئے، واضح رہے کہ کراچی کے سرکاری اسکولوں کوکنٹرول کرنے کے لیے اس وقت کوئی مستقل ڈائریکٹر اسکولز موجود نھیں ہے ڈائریکٹرپرائیویٹ انسٹی ٹیوشنزمنسوب صدیقی کے پاس قائم مقام ڈائریکٹراسکولزکاچارج ہے۔

مقبول خبریں