حکومت چاہتی ہے اقلیتیں امن وہم آہنگی سے رہیں وزیراعظم نوازشریف

توجہ ترقی وخوشحالی پرمرکوزہے، پختونخوا،فاٹاکے کارکنوں کے تحفظات کودورکیاجائیگا


Numainda Express March 18, 2015
توجہ ترقی وخوشحالی پرمرکوزہے،پختونخوا،فاٹاکے کارکنوں کے تحفظات کودورکیاجائیگا فوٹو: فائل

وزیراعظم نواز شریف نے کہاہے کہ اقلیتیں ملک کا ایک اہم طبقہ ہیں جنھوں نے ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کیا، حکومت چاہتی ہے کہ اقلیتیں امن اور ہم آہنگی کے ماحول میں زندگی بسرکریں۔

وزیراعظم ہاؤس میں وفاقی وزیر صنعت غلام مرتضیٰ جتوئی اوروزیراعظم کے مشیرانجینئرامیر مقام سے الگ الگ ملاقات میں انھوں نے یوحنا آباد لاہوراور اس کے بعد ہونے والے مظاہروں اور تشدد کے واقعات پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ تمام صوبائی حکومتوں کوامن وامان کی صورتحال برقراررکھنے کیلیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک بھر میں عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ترقی اور خوشحالی کے اپنے ایجنڈے پر توجہ مرکوزکیے ہوئے ہے،ملک کے مختلف علاقوں کے درمیان رابطے میں سہولت کیلیے سڑکیں تعمیر کی جا رہی ہیں جس سے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملے گا۔ملاقاتوں میں خیبر پختونخوا اور سندھ میں پارٹی سے متعلق امور پر بھی غورکیا گیا۔