اسٹیڈیم کی عدم دستیابی فلسطین فٹبال ٹیم کا دورۂ پاکستان ملتوی

5 اکتوبر کی ڈیڈ لائن گزاردی، شہباز شریف پنجاب اسپورٹس بورڈ سے اس قومی کوتاہی پر سخت نوٹس لیں ، پی ایف ایف کی استدعا


Sports Reporter October 08, 2012
مقررہ تاریخ تک اسٹیڈیم کی کنفرمیشن نہ ہونے کے بعد فلسطین نے اپنی ٹیم کو پاکستان بھجوانے سے ہی انکار کر دیا۔ فوٹو: اے ایف پی

پنجاب اسٹیڈیم کی عدم دستیابی کے باعث فلسطین فٹبال ٹیم نے پاکستان آنے سے انکار کردیا۔

یاد رہے کہ فیفا پلئیر ڈے کے حوالے سے لاہور میں پاکستان اور فلسطین فٹبال ٹیموں کے درمیان 2 میچز کھیلے جانے تھے جو 14 اور 16 اکتوبر کو شیڈول تھے، میچ کھیلنے کے لیے فلسطینی فٹبال ٹیم کو 12 اکتوبر کو لاہور آنا تھا۔ذرائع کے مطابق پاکستان اور فلسطین کی فٹبال ٹیموں کے درمیان سیریز کے انتظامات کوحتمی شکل دینے کے لیے5 اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی، مقررہ تاریخ تک اسٹیڈیم کی کنفرمیشن نہ ہونے کے بعد فلسطین نے اپنی ٹیم کو پاکستان بھجوانے سے ہی انکار کر دیا۔

پی ایف ایف کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق پنجاب اسپورٹس بورڈ کے اس غیرسنجیدہ رویے کی وجہ سے پنجاب کے لوگ اس بین الااقوامی ایونٹ سے محروم ہو گئے، پنجاب اسپورٹس بورڈ کی طرف سے پنجاب اسٹیڈیم کی برقت دستیابی کی اطلاع نہ دینے کی وجہ سے فلسطین فٹبال ایسوسی ایشن نے اتنے کم وقت میں پاکستان میں فیفا ڈے کے حوالے سے ہونے والی سیریز میںحصہ لینے سے معذرت کر لی ہے۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے پنجاب اسپورٹس بورڈ کی انتظامیہ کی اس قومی کوتاہی پر سخت نوٹس لینے کی استدعا کی ہے۔

دوسری جانب اسپورٹس بورڈ نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسپورٹس بورڈ پنجاب نے فٹبال فیڈریشن کو پاک فلسطین مقابلے کے لیے گرائونڈ دینے سے انکار کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق فلسطین فٹبال ٹیم کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، یہ خوش آئند امر ہے کہ بین الاقوامی ٹیمیں پاکستان آ کر مقابلوں میں حصہ لیں اس ایونٹ کے انعقاد میں ہم ہر طرح کی سہولیات فراہم کر نے کے لیے تیار ہیں، پاک فلسطین فٹبال مقابلہ کے انعقاد کے سلسلے میں اسپورٹس بورڈ نے پی ایف ایف کے نمائندے سردار نوید حیدر کو اسپورٹس بورڈ آمد پر گرائونڈ کی دستیابی کا لیٹر فراہم کر دیا تھا تاکہ کھیلوں کے شائقین کو نہ صرف دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے بلکہ پاکستان میں مزید بین الاقوامی ایونٹس کے انعقاد کی راہ ہموار ہو سکے ۔

مقبول خبریں