پاکستانی ٹیم کا نیا ’’کارنامہ‘‘ تمام 10پلیئرز کیچ آؤٹ

ورلڈکپ کی تاریخ میں 6 میں سے 4 بار گرین شرٹس نے 10 کھلاڑیوں کے کیچ آؤٹ ہونے کا کارنامہ انجام دیا


Sports Desk March 21, 2015
ورلڈکپ کی تاریخ میں 6 میں سے 4 بار گرین شرٹس نے 10 کھلاڑیوں کے کیچ آؤٹ ہونے کا کارنامہ انجام دیا۔ فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا کیخلاف کوارٹر فائنل میں پاکستانی بیٹسمینوں نے نیا ''کارنامہ'' انجام دے دیا۔

غیرذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے وکٹیں گنواتے ہوئے ورلڈکپ کی تاریخ میں چھٹی بار تمام10کھلاڑی کیچ آئوٹ ہوئے، چار بار گرین شرٹس نے ہی ایسا کیا، حالیہ ایونٹ میں3مرتبہ ٹیم سے یہ غلطی سرزد ہوئی۔

دوسری جانب مصباح الحق نے جاتے جاتے بھی ایک ریکارڈ پر قبضہ کرلیا، وہ بطور کپتان تین ہزار رنز مکمل کرنے میں کامیاب ہوگئے، انھوں نے کیریئر کا اختتام3003رنز پر کیا، مصباح سے قبل صرف عمران خان (3247) ہی بطور قائد تین ہزار رنز بنا سکے تھے، مجموعی طور پر 16قائدین نے یہ اعزاز پایا۔ ایونٹ میں شاہد آفریدی کا بولنگ اسٹرائیک ریٹ171رہا، یہ ایک ایڈیشن میں کسی بھی بولر کا دوسرا بدترین اسٹرائیک ریٹ ہے، آفریدی نے ایونٹ میں 57اوورز کیے،282رنزدیے اور2وکٹیں حاصل کیں۔

ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم نے اننگز کے ابتدائی 10اوورز میں 11 وکٹیں گنوائیں، ویسٹ انڈیز13 وکٹوں کے ساتھ سب سے آگے ہے۔ آسٹریلوی ٹیم نے ساتویں بار میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر کے ریکارڈ بنا دیا،پاکستان اور نیوزی لینڈ6،6بار یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ کینگروز نے43 ویں بار گرین شرٹس کو ون ڈے انٹرنیشنل میں آل آئوٹ کیا، سری لنکن ٹیم41اور جنوبی افریقی سائیڈ40بار ایسا کر چکی ہے۔