ویمنز ٹوئنٹی 20 کرکٹ جنوبی افریقی کپتان نے فتح پاکستان سے چھین لی

گرین شرٹس ابتدائی دونوں میچ جیت کرپہلے ہی سیریز اپنے نام کر چکی ہیں۔


Sports Desk March 23, 2015
گرین شرٹس ابتدائی دونوں میچ جیت کرپہلے ہی سیریز اپنے نام کر چکی ہیں۔ فوٹو: فائل

جنوبی افریقہ کی میگنون ڈی پریز نے فتح پاکستان سے چھین لی، ویمنز ٹی 20 سیریز کے آخری مقابلے میں مہمان سائیڈ کو 107 کا پیچھا کرتے ہوئے آخری اوور میں 12 رنز درکار تھے لیکن حریف کپتان نے اسماویہ کو تیسری بال پر چھکا اور پھر چوکا جڑ دیا، تاہم گرین شرٹس ابتدائی دونوں میچ جیت کرپہلے ہی سیریز اپنے نام کر چکی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شارجہ میں آئی سی سی ون ڈے چیمپئن شپ کھیلنے کے بعد پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز میں مدمقابل آئیں۔ گرین شرٹس نے دھواں دار اندا ز میں آغاز کرتا ہوئے ابتدائی میچ باآسانی 5 وکٹ سے جیتا، دوسرے میچ میں بھی قومی کھلاڑیوں نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹ سے کامیابی کے ساتھ سیریز 2-0 سے اپنے نام کرلی، پہلے دونوں میچوں کی خاص بات آل راؤنڈ اسماویہ اقبال کا عمدہ کھیل تھا وہ دنوں مقابلوں میں ویمن آف دی میچ رہیں، اتوار کو منعقدہ تیسرے ٹی 20 میں ٹاس جیتنے والی جنوبی افریقی ٹیم نے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، گرین شرٹس اسکواڈ کی جانب سے اننگز کا آغازحوصلہ افزا نہیں رہا اور سدرہ امین پہلے اوور کی چوتھی گیند پر بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئیں۔

اگلے اوور میں ون ڈاؤن آنے والی ارم جاوید نے بھی وکٹ گنوا کر ٹیم کو مشکلات سے دوچار کردیا۔ بعدازاں اوپنر مرینہ اقبال کا ساتھ دینے کیلیے بسمٰہ معروف آئیں اور دنوں نے مل کر اسکور کو صرف 26 رنز تک پہنچا یاتھا کہ اوپنر 15 رنز بنانے کے بعد چلتی بنیں جس کے بعد کپتان ثنا میر صفر اور ناہیدہ خان (3) کے جانے کے بعد آدھی پاکستانی سائیڈ صرف 31 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھی۔

بسمٰہ معروف (34) اوراسماویہ اقبال(31 ) نے قدرے بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے اسکور کو 81 تک پہنچایا۔بعد میں پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹ گنوانے کے بعد 106 رنز تک ہی پہنچ سکی، جنوبی افریقہ کی طرف سے وان نیکرک نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں اپنے نام کیں، شبنم اسماعیل نے دو کھلاڑیوں کو پویلین لوٹایا، ہدف کا پیچھا کرنے والی جنوبی افریقی ٹیم کو اوپنر وان نیکرک اور تیشا چیتی نے 10 اوورز میں 57 رنز کا آغاز فراہم کرتے ہوئے فتح کے قریب لا کھڑا کیا لیکن پاکستانی بولرز نے ہمت ہارنے کے بجائے ڈٹ کر مقابلہ کیا اور فتح کو حریف ٹیم کی پہنچ سے کافی دور کردیا، ایک موقع پر جنوبی افریقہ کو فتح کیلیے آخری دو اوورز میں 20 رنز درکار تھے۔

19 ویں اوورز میں انعم امین نے 8 رنز دیے اس کے بعد مہمان ٹیم کو فتح کیلیے آخری 6 گیندوں پر 12 رنز کی ضرورت تھی۔ پہلی گیند پر سنگل کے بعد دوسری بال پر وکٹ گر گئی، اس موقع پر اسماویہ اقبال کا سامنا کرنے کیلیے جنوبی افریقی کپتان میگنون ڈی پریز آئیں، انھوں نے اگلی بال پر اسماویہ کو زور دار چھکا جڑدیا، یاد رہے کہ یہ جنوبی افریقی اننگز کا پہلا چھکا تھا۔ معاملہ یہیں پر ختم نہیں ہوا بلکہ پروٹیز قائد نے ابتدائی دونوں میچوں میں ویمن آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والی اسماویہ کو چوتھی گیند پر چوکا لگا دیا۔ پانچویں گیند پر سنگلز لینے کے بعد کپتان میگنون نے ٹیم کو کلین سوئپ کی رسوائی سے بچالیا، پاکستان کی طرف سے انعم امین اور اسماویہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔