ایکسپریس فیملی فیسٹیول کا شاندار اختتام

کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری فیملی فیسٹیول کے اختتامی روز شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔


Editorial March 24, 2015
ایکسپریس میڈیا گروپ ہمیشہ شہریوں کو معیاری تفریح فراہم کرنے کے لیے ملک کے مختلف شہروں میں پروگرام کا انعقاد کرتا ہے اور یہ سلسلہ آیندہ بھی جاری رہے گا۔ فوٹو : محمد نعمان

امن و سکون کے متلاشی کراچی کے شہریوں کو تفریح و شاپنگ کا بہتر موقع فراہم کرنے والا ایکسپریس میڈیا گروپ کی جانب سے منعقدہ ''ایکسپریس فیملی فیسٹیول'' 2 روز تک جاری رہنے کے بعد اتوار کی شام اختتام پذیر ہوگیا۔ فیسٹیول نے شہریوں کو اہل خانہ کے ہمراہ پرسکون ماحول میں تفریح کا منفرد موقع فراہم کیا۔ کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری فیملی فیسٹیول کے اختتامی روز شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس میں بچوں اور بڑوں کے لیے دلچسپ تفریحی سرگرمیاں منعقدکی گئیں۔ فیسٹیول میں لگائے گئے اسٹالز پر انعامات کی بھرمار نے بچوں کی موج کرادی جب کہ خواتین اور بڑوں نے شاپنگ کر کے تفریح کا لطف دوبالا کیا۔

نمائش میں شریک شہریوں نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ایکسپریس میڈیا گروپ کی جانب سے شہریوں کو تفریح کی فراہمی کے لیے فیملی فیسٹیول کا انعقاد شہر پر چھائے بے یقینی کے حالات میں ایک تازہ ہوا کا جھونکا ہے، شہریوں نے کا کہنا تھا کہ ایکسپریس فیملی فیسٹیول سال میں 2 سے 3مرتبہ منعقد کیا جائے۔ فیسٹیول میں کراچی کے علاوہ حیدرآباد ، بلوچستان ، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے دیگر شہروں سے کراچی آنے والے خاندانوں نے بھی شرکت کی اور ایکسپریس میڈیا گروپ کی کاوشوں کو سراہا۔ فیملی فیسٹیول حقیقی معنوں میں خاندان کے ہر فرد کے لیے دلچسپی کا سامان فراہم کرتا ہے، اسی لیے بچے، بڑے، مرد خواتین اور بوڑھے افراد بھی اس ایونٹ میں بھرپور شرکت کرتے ہیں۔

ایکسپریس فیملی فیسٹیول میں شرکت کرنے والی کمپنیوں نے فیسٹیول کو عوامی شرکت کے لحاظ سے اہم ایونٹ قرار دیا۔ فیسٹیول میں اسٹال لگانے والی کمپنیوں کے نمایندوں کا کہنا تھا کہ صارفین سے براہ راست رابطہ اور مصنوعات کے معیار کا عملی نمونہ دکھانے کے لیے ایکسپریس فیملی فیسٹیول ایک آئیڈیل ایونٹ بن چکا ہے۔ کراچی کے موجودہ حالات کے باوجود اتوار کو ایکسپو سینٹر میں جاری ایکسپریس فیملی فیسٹیول کے آخری روز منعقدہ میوزیکل پروگرام میں ہزاروں افراد کی شرکت نے ثابت کردیا کہ ایکسپریس واحد میڈیا گروپ ہے جو عوام کو معیاری تفریح فراہم کرنے کے لیے ہمیشہ کوشاں رہتا ہے۔ اس پروگرام میں گلوکاروں نے ملی نغمے پیش کرکے شہریوں کے دلوں کو گرما دیا اور ان کے حب الوطنی کے جذبے کو مزید سرشار کردیا، ہال جیوے جیوے پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھا۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ ایکسپریس کی جانب سے اس طریقے کے فیملی فیسٹیول اور یادگار میوزیکل پروگرام کے انعقاد سے کراچی کا دنیا میں یہ امیج مزید بڑھے گا کہ کراچی پرامن لوگوں کا شہر ہے، شہریوں نے تمام گلوکاروں کی کارگردگی کو سراہا۔ پروگرام میں ملک کے نامور گلوکاروں شہزاد رائے اور جواد احمد نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور گلوکاری سے حاضرین کے دل جیت لیے۔ اس موقع پر گلوکار عالمگیر کی گراں قدر خدمات پر ان کو ایکسپریس میڈیا گروپ کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا۔ ایکسپریس میڈیا گروپ ہمیشہ شہریوں کو معیاری تفریح فراہم کرنے کے لیے ملک کے مختلف شہروں میں پروگرام کا انعقاد کرتا ہے اور یہ سلسلہ آیندہ بھی جاری رہے گا۔