امریکی فوجی اڈہ پر حملہ یا سیکیورٹی لیپس
اسی ماہ بیکٹسویل کا ایک شخص میری لینڈ میں عمارت پر فائرنگ کرتا ہوا پکڑا گیا
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پیر کی صبح امریکی ریاست میری لینڈ میں اینی ارونڈل کاؤنٹی میں واقع میاڈی فورٹ کے مرکزی گیٹ پر ایک گاڑی نے ٹکر مار کر اسے توڑنے کی کوشش کی تاہم اہلکاروں کی فائرنگ سے کار سوار ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
امریکی میڈیا ، پولیس حکام اور نیشنل سیکیورٹی ایجنسی ترجمان نے اس واقعے کی مختلف توجیحات پیش کی ہیں جس کی تہہ تک پہنچنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، تاہم دہشت گردی کے عالمی عفریت کا فال آؤٹ اس قدر شدید ہے کہ امریکی حکام اس واقعہ کے دہشت گردی سے منسلک ہونے کا باریکی سے جائزہ لے رہیں تاہم ابتدائی طور پر اسے دہشت گردی کی دانستہ کوشش کہنے سے حکام ہچکچا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تین افراد ایک ہوٹل میں موجود تھے اور واقعہ پیر کی صبح ہوا، ایف بی آئی بالٹی مور کا کہنا ہے کہ اس ہوٹل سے ایک SUV سکیپ کار ان ہی تین افراد میں سے دو نے چوری کی اور این ایس اے کمپلیکس کے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر پولیس حکام کی ہدایت کو نظر انداز کرتے ہوئے غلط رخ پر موڑ کاٹا تو پولیس وین کی طرف آتے ہوئے پولیس نے فائر کھول دیا جس کے باعث ایک شخص ہلاک اوردوسرا این ایس اے افسر زخمی ہوگیا۔
کار ٹکرا کر تباہ ہوئی ۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق وقوعہ پر امریکا کے قومی سلامتی کے ادارے این ایس اے سمیت دیگر وفاقی ایجنسیوں کے دفاتر ہیں جن میں حملے کے وقت 11 ہزار فوجی اہلکار اور 29 ہزار سویلین کام کررہے تھے۔ فورٹ میاڈی پولیس ہیڈکوارٹرز کی ترجمان کے مطابق دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ ترجمان نے مزید کچھ بھی نہیں بتایا۔ مقامی ٹی وی چینلز کے کیمروں کی فوٹیج سے پتہ چلتا ہے کہ فوجی بیس کے قریب گیٹ کے پاس دو گاڑیاں بری طرح تباہ ہوئی پڑی ہیں جب کہ امدادی ادارے کے ایک کارکن کو ایمبولینس میں سوار کرایا جارہا ہے۔
این ایس اے کے ترجمان مرسی ملرکے مطابق یہ واقعہ ان کے دفتر کے گیٹ کے پاس پیش آیا اور ایف بی آئی تحقیقات کر رہی ہے تاہم انھوں نے بھی مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ بی بی سی کے مطابق امریکا میں قومی سلامتی کے ادارے نیشنل سیکیورٹی ایجنسی (این ایس اے) کے گیٹ پر ہونے والی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔ ایک نامعلوم عہدیدار نے امریکی خبر رساں ادارے کو بتایا ایک کار نے واشنگٹن کے قریب واقع این ایس اے کے دفاتر کے گیٹ کو ٹکر مار کر توڑنے کی کوشش کی اور جب گیٹ نہ ٹوٹا تو اس میں سے فائرنگ شروع کر دی گئی۔
مقامی ایمرجنسی سروسز کا کہنا ہے کہ این ایس اے کی اپنی پولیس ساری صورتحال سے نمٹ رہی ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابھی نہیں کہا جاسکتا کہ یہ دہشت گردی کا واقعہ ہے تاہم یہ حملہ کا منظم پلاٹ اور دانستہ کوشش نہیں تھی، سیکیورٹی بریچ ہوا۔ بہر حال سابقہ وارداتوں کے تناظر میں این ایس اے سیکیورٹی کمپلیکس سمیت دیگر مقامات پر کئی واقعات خاصے پر اسرار نظر آتے ہیں۔
اسی ماہ بیکٹسویل کا ایک شخص میری لینڈ میں عمارت پر فائرنگ کرتا ہوا پکڑا گیا، پھر واشنگٹن پارک وے سے جیل کا ایک سابق وارڈن گرفتار ہوا ، ستمبر میں ایک چاقولہراتا شخص جنگلہ عبور کر کے وائٹ ہاؤس کے سیکرٹ سروسز کا دروازہ کھولنے میں کامیاب ہوا تھا مگر گرفتار کرلیا گیا، اکتوبر 2013 میں ایک خاتون نے اپنے ایک سالہ بچے کے ساتھ کار وائٹ ہاؤس گیٹ سے ٹکرائی تھی، پولیس نے فائر کر کے اسے ہلاک کردیا تھا۔ بعد میں پتا چلا کہ وہ ذہنی مریضہ تھی۔
مذکورہ واقعات ہر ملک میں ریڈ الرٹ کی نشاندہی کرتے ہیں ، اس لیے سیکیورٹی نظام کی ہمہ وقت مستعدی اور چوکسی ناگزیر ہے۔کسی بھی وقت کچھ ہوسکتا ہے۔