چیمبر پرشب خون مارنے والوں کی ضمانتیں ضبط کرا دینگے

حق پر ہیں، حق کے لیے لڑتے رہیں گے، امین کھتری، تاجر تنظیموں کے عہدیداران سے خطاب.


Numainda Express October 09, 2012
اسٹے لینے والوں کو الیکشن میں اپنی شکست نظر آرہی تھی، حاجی یعقوب، ندیم صدیقی و دیگر

حیدرآباد چیمبر کے انتخابات میں حصہ لینے والے تاجر دوست و بزنس مین پینلز کے قائدین نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن میں ان کے امیدوار چیمبر پر شب خون مارنے والوں کی ضمانتیں ضبط کرا دیں گے۔

مقامی کلب میں تاجر تنظیموں کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے بزنس مین پینل کے چیئرمین محمد امین کھتری کا کہنا تھا کہ ہم حق پر ہیں اور حق کے لیے لڑتے رہیں گے، جب بھی الیکشن ہوئے چیمبر پر قبضہ کرنے والوں کو بدترین شکست دے کر ثابت کریں گے کہ تاجر ہمارے ساتھ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر گوہر اللہ کے ساتھی اور ان کی جانب سے ان کے پینل سے نامزد 3 امیدوار جعلی ووٹر لسٹ بنانے کے خلاف گوہر اللہ کے خلاف عدالت گئے حالانکہ ان کا تعلق ایک ہی گروپ سے ہے جبکہ وہ مل کر 7 جولائی سے ووٹر لسٹ کی اسکروٹنی کر رہے تھے ۔ اس وقت ان لوگوں نے ووٹر لسٹ پر اعتراض نہیں کیا ۔

امین کھتری کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ عدالتوں سے انصاف کی امید ہے اور ہمیں یقین ہے کہ جیت ہماری ہو گی۔ تاجر دوست پینل کے چیئرمین حاجی محمد یعقوب نے کہا کہ چیمبر پر شب خون مارنے والوں نے آئین و قانون کی دھجیاں بکھیریں اور ووٹرز کی عزت نہیں کی، اب ووٹرز الیکشن میں انہیں اپنے ووٹ سے سبق سکھائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ اسٹے لینے والوں کو الیکشن میں اپنی شکست نظر آرہی تھی اس لیے انھوں نے اپنے ساتھی شفیق قریشی کے ذریعے خود پر مقدمہ کرایا اور20 ستمبر کو اسٹے ملنے کے باوجود اسے ووٹرز سے چھپایا گیا اور 22 ستمبر کو جب ٹنڈو آدم، کوٹری، حیدرآباد شہر کے دور دراز علاقوں سے ووٹرز کی بڑی تعداد چیمبر پہنچی تو معلوم ہوا کہ دو روز پہلے اسٹے لیا گیا ہے، یعنی ووٹرز کو جان بوجھ کر تنگ کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ حیدرآباد کے تاجر دوست اور دشمن کو پہچان چکے ہیں ۔

ندیم صدیقی کا کہنا تھا کہ ہم تاجروں کی خدمت کرتے رہیں گے۔سابق ایم پی اے عبدالرحمٰن راجپوت نے کہا کہ 80 فیصد ووٹرز جوائنٹ پینل کے ساتھ ہیں اس لیے سابق صدر کے ساتھی ان کے ایماء پر ان کے خلاف ہی اسٹے آرڈر لائے تاکہ طویل عرصے تک چیمبر کو چلا سکیں۔ تقریب میں چیمبر کے سابق صدور مسعود پرویز، عزیز آرائیں، محمود احمد، دیگر عہدیداران محمد مدنی، الطاف میمن، اکرم انصاری، اکرم آرائیں، فاروق شیخانی، ظہیر جان، سامن مل، سلیم الدین، سلیم وہرہ، حمید میمن، دیو مل، دولت رام، شاہد غوری، نجم الدین، محمد صابر، انور کندن، اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔