مقدمہ درج کرنے سے متعلق تاجر دوست پینل کی درخواست مسترد

تھانیدار نے عدالت میں رپورٹ پیش کر دی، گوہر اللہ کی درخواست پرکارروائی نہ ہو سکی


Numainda Express October 09, 2012
تھانیدار نے عدالت میں رپورٹ پیش کر دی، گوہر اللہ کی درخواست پرکارروائی نہ ہو سکی.

سسکتھ ایڈیشنل سیشن جج حیدرآباد کی عدالت نے ایس ایچ او کینٹ عبدالرزاق کمانڈو کی رپورٹ پر حیدرآباد چیمبر آف کامرس میں حملے سے متعلق منیجنگ کیمٹی میں تاجر دوست پینل کے اراکین ندیم صدیقی ومعیز عباس کی خود پر حملے کی ایف آئی درج کرنے کی درخواست خارج کر دی۔

ندیم صدیقی و معیز عباس نے سیٹھ گوہر اللہ، تراب علی خواجہ، ضیاء الدین، عبدالستار خان، حاجی نواب، اسلم دیسوالی، محمد علی رحمان، عمران قریشی اور دیگر کے خلاف درخواست دی تھی کہ مذکورہ ا افراد نے یکم اکتوبر کو چیمبر میں توڑ پھوڑ کی، انہیں پستول دکھائے اور سنگین نوعیت کی دھمکیاں دیں۔ دوسری جانب کینٹ پولیس نے چیمبر کے صدر سیٹھ گوہر اللہ کی درخواست پر ابھی تک کارروائی کا آغاز نہیں کیا۔

گوہر اللہ نے ایس ایچ او کینٹ کو درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ یکم اکتوبر کو منیجنگ کمیٹی کے اراکین محمد عارف، مختار سعید، پہلاج رائے، ندیم صدیقی، معیز عباس، اکرم آرائیں، عمر حیات اور معظم علی دیگر افراد سلیم الدین، ظہیر الدین، محمود راجپوت، نجم الدین، سہیل میمن، قیوم مغل، الطاف میمن، مسعود پرویز اور حاجی محمد یعقوب کے ہمراہ چیمبر آئے اور صدر کے کمرے میں داخل ہو کر غنڈہ گردی، توڑ پھوڑ کی اور انہیں و دیگر اراکین کو سنگین نوعیت کی دھمکیاں دیں۔کینٹ پولیس نے درخواست وصول کر لی تاہم فی الحال اس پر کوئی کارروائی نہیں کی۔