بھارتی بورڈ بنگلا دیش کو ’’سرکشی‘‘ کا مزہ چکھائے گا

جون میں شیڈول ٹورکی منسوخی کا عندیہ ،ہنگامی اجلاس بلانے کی کوشش شروع


Sports Desk April 03, 2015
بورڈ آفیشلز مصطفیٰ کمال کے سری نواسن پر کیے گئے تبصرے کو ملک کی توہین قرار دینے پر تلے ہوئے ہیں۔فوٹو : فائل

بھارتی بورڈ نے بنگلا دیش کو مصطفیٰ کمال کی ''سرکشی'' کا مزہ چکھانے کا پروگرام بنالیا، جون میں شیڈول ٹور کی منسوخی کا عندیہ دے دیا گیا، بورڈ میں موجود سری نواسن کے ہمدردوں نے ہنگامی اجلاس بلانے کی کوششیں شروع کردیں۔

تفصیلات کے مطابق مصطفیٰ کمال نے آئی سی سی کی صدارت سے مستعفی ہونے کی وجہ براہ راست چیئرمین این سری نواسن کو قرار دیتے ہوئے انھیں متنازع اور دماغی طور پر فارغ انسان بھی قرار دیا تھا۔ جس کا بی سی سی آئی میں موجود سابق صدر کی لابی نے سخت برا مانا اور بنگلا دیش کا جون میں شیڈول ٹور ہی منسوخ کرانے کی کوششیں بھی شروع کردی ہیں۔

اس سلسلے میں ہنگامی اجلاس بلانے کی بھی راہ ہموار ہورہی ہے۔ اگرچہ مفادات کے ٹکرائو کی وجہ سے سری نواسن بی سی سی آئی سے آئوٹ ہوچکے لیکن اس وقت بھی برسر اقتدار گروپ کو ان کی سپورٹ حاصل ہے، بورڈ آفیشلز مصطفیٰ کمال کے سری نواسن پر کیے گئے تبصرے کو ملک کی توہین قرار دینے پر تلے ہوئے ہیں۔

اس بارے میں جب بورڈ کے صدر جگموہن ڈالمیا سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے کوئی بھی تبصرہ کرنے سے معذرت کرلی،البتہ بی سی سی آئی کے ایک آفیشل نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سری نواسن کے حامی آفیشلز سخت ناراض اور بنگلا دیشی بورڈ کو مزہ چکھانے کے خواہاں ہیں۔ دوسری جانب ایک اور آفیشل نے کہا کہ اگر یہ دورہ منسوخ ہوا تو دونوں ممالک کے تعلقات پر سیاسی اثر بھی پڑسکتا ہے۔

دوسری جانب بنگلا دیشی بورڈ کے صدر نظم الحسن نے کہاکہ مصطفیٰ کمال کی جانب سے آئی سی سی صدارت سے مستعفی ہونا بدقسمتی کی بات ہے، جس میٹنگ میں ان سے امپائرنگ پر بیان واپس لینے یا معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا میں اس میں شریک نہیں تھا،نہ ہی اس بارے میں مجھے کچھ علم ہے۔