سلطان اذلان شاہ ہاکی میں بھارت کو بقا کا چیلنج درپیش

برانز میڈل کی امید برقرار رکھنے کیلیے آج آسٹریلیا کیخلاف جیت لازمی درکار


Sports Desk April 11, 2015
نیوزی لینڈ اور کوریا کے میچ کی فاتح ٹیم فائنل میں آسٹریلیا کو جوائن کرلے گی۔ فوٹو: فائل

اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے آخری لیگ میچز آج کھیلے جائیں گے، ٹائٹل کی دوڑ سے باہر بھارتی سائیڈ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کے مقابل آئے گی، جنوبی کوریا اور نیوزی لینڈ کا آمنا سامنا ہوگا، فاتح ٹیم فائنل میں آسٹریلیا کے ساتھ اپنی نشست بک کرادے گی۔

میزبان ملائیشیا کا مقابلہ کینیڈا سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں جاری 24 ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ اختتامی مراحل میں داخل ہوگیا، لیگ میچز کے آخری دن آج 3 میچ کھیلے جائیں گے، پہلے مقابلے میں 4 مسلسل فتوحات کے ساتھ فائنل میں جگہ پکی کرنے والی آسٹریلیا کی ٹیم کا سامنا بھارت سے ہوگا، بلو شرٹس اسکواڈ اپنے چاروں میچوں میں صرف ایک کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوچکا ہے تاہم ہفتے کو آسٹریلیا کیخلاف بھی ناکام رہنے کی صورت میں اسے پانچویں اور چھٹی پوزیشن کے میچ میں کینیڈا سے سامنا کرنا ہوگا، اگر بلوشرٹس فتح حاصل کرلیتے ہیں تو یہ جنوبی کوریا یا نیوزی لینڈ کیخلاف تیسری پوزیشن کے لیے لڑیں گے۔

دوسری طرف ہفتے کو نیوزی لینڈ اور جنوبی کوریا کے مابین کھیلے جانے والا دوسرا میچ سیمی فائنل کی صورتحال اختیار کرچکا ہے، پوائنٹس ٹیبل پر 3 کامیابیوں کے ساتھ 9 پوائنٹس لیکر دوسرے نمبر پر موجود نیوزی لینڈ کی سائیڈ ڈرا کی صورت میں بھی فائنل کیلیے کوالیفائی کرجائے گی جبکہ جنوبی کوریا کو ٹائٹل کے لیے امیدیں برقرار رکھنے کے واسطے ہر صورت فتح درکار ہوگی۔

جنوبی کوریا کے ٹیم اس وقت 7 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے اس نے دو میچز جیتے ایک برابر کھیلا جبکہ آسٹریلیا کے خلاف اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دن کے تیسرے میچ میں میزبان ملائیشیا کا سامنا نسبتاً کمزور حریف کینیڈا سے ہوگا۔ ملائیشیا کے پاس بھی فتح کے ساتھ آخری پوزیشن کی خفت سے بچنے کا موقع ہے، اگر میزبان ٹیم کو کامیابی مل جائے اور بھارت آسٹریلیا سے ہار جائے تو وہ تیسری پوزیشن کیلیے جنوبی کوریا یا نیوزی لینڈ کے مدمقابل آسکتی ہے۔