قومی کرکٹ ٹیم کے دروازے کسی کھلاڑی پر بند نہیں ہوئے چیف سلیکٹر

بنگلہ دیش ٹورکیلیے دستیاب بہترین کھلاڑیوں کوقومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا، چیف سلیکٹر


Sports Reporter April 16, 2015
فوٹو : فائل

QUETTA: قومی کرکٹ چیف سلیکٹر ہارون رشید نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے دروازے کسی کھلاڑی پر بند نہیں ہوئے،متوازن اور نوجوان باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل منتخب ٹیم سے بنگلہ دیش میں بہترکارکردگی کی امید ہے،یہ ٹور نئے کھلاڑیوں کیلیے صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سینئر کھلاڑی بھی اہمیت کے حامل ہیں،بنگلہ دیش ٹورکیلیے دستیاب بہترین کھلاڑیوں کوقومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا،ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ ورلڈکپ گزر گیا اب ہمیں مستقبل پر نظر رکھنی ہوگی، ہارون رشید نے کہا کہ انجریز کھیل کا حصہ ہوتی ہیں۔

اگر خدانخواستہ بنگلہ دیش ٹور کے دوران کوئی کھلاڑی ان فٹ ہوا تو ہمارے پاس متبادل موجود ہوگا، دریں اثنا چیف سلیکٹر نے نیشنل اسٹیڈیم میں اختتام پذیر ہونے والے پیٹرنز ٹرافی گریڈ ٹوٹورنامنٹ کے فائنل میں چاروں دن کا کھیل دیکھا اورکھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا، وہ جمعرات کو ڈھاکا روانہ ہوجائیں گے۔