کراچی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی 15700 کی حد بحال

انڈیکس 66 پوائنٹس بلند، حصص مالیت میں5.31 ارب اضافہ، کاروباری حجم 20 فیصد زائد رہا


Business Reporter October 11, 2012
تیزی کے باوجود 52 فیصدحصص کی قیمتیں گھٹ گئیں، مجموعی طورپر 13.28 کروڑ شیئرز کا لین دین. فوٹو: فائل

حکومت کی جانب سے سوئس اتھارٹیزکوبھیجے جانیوالے خط کا معاملہ عارضی طورپرملتوی ہونے کے نتیجے میں وزیراعظم کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کے امکانات کم ہونے اورسیاسی افق پرحالات میں بہتری کے امکانات کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے انڈیکس کی15700 کی حد بحال ہوگئی۔

تیزی کے باوجود52.10 فیصدحصص کی قیمتیں گھٹ گئیں تاہم حصص کی مالیت میں5 ارب31 کروڑ 99 لاکھ 83 ہزار 693 روپے کا اضافہ ہوا، ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ بدھ کی تیزی میں بعض کثیرالقومی کمپنیوںکے حصص کی خریداری کے علاوہ بینکنگ اسٹاکس اورچند فرٹیلائزر اسٹاکس میں خریداری نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر142 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی15800 کی حدبھی بحال ہوگئی تھی لیکن غیرملکیوں، میوچل فنڈز اور این بی ایف سیزکی جانب سے مجموعی طور پر66 لاکھ42 ہزار959 ڈالر مالیت کے سرمائے کے انخلانے تیزی کی شرح میں کمی اورسرمائے کے انخلا کے باوجودکاروبارکے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی کیونکہ مقامی کمپنیوں کی جانب سے7 لاکھ17 ہزار514 ڈالر، بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے46 لاکھ39 ہزار307 ڈالر، انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے9 لاکھ32 ہزار872 ڈالر اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے3 لاکھ53 ہزار265 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی۔

تیزی کے باعث کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 65.58 پوائنٹس کے اضافے سے15753.82 ہوگیا جبکہ اس کے برعکس کے ایس ای30 انڈیکس91.59 پوائنٹس کی کمی سے 13048.31 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 46.62 پوائنٹس کی کمی سے27941.18 ہوگیا،کاروباری حجم منگل کی نسبت 19.71 فیصد زائد رہا اورمجموعی طور پر13 کروڑ28 لاکھ35 ہزار230 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار332 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 126 کے بھائو میں اضافہ 173 کے داموں میں کمی اور33 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں نیسلے پاکستان کے بھائو 200 روپے بڑھ کر5200 روپے اور کولگیٹ پامولیو کے بھائو 59.80 روپے بڑھ کر1290 روپے ہوگئے جبکہ شیزان انٹرنیشنل کے بھائو20.10 روپے کم ہوکر 381.91 روپے اور مچلز فروٹ کے بھائو19.99 روپے کم ہوکر 380.01 روپے ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں