قومی کرکٹ کا مستقبل بورڈ کے اعلیٰ حکام آج سر جوڑ کر بیٹھیں گے

ورلڈ کپ میں ٹیم کی کارکردگی، ناکام کھلاڑی، امپائرز اسکینڈل پرغور کے ساتھ کوچ ڈیو واٹمور اور دیگر آفیشلز...، ذرائع


Sports Reporter October 12, 2012
جلد بازی میں حتمی فیصلے کرنے سے گریز پر اتفاق، چیئرمین بورڈ سے ملاقات عبدالرزاق کے مستقبل کی راہیں متعین کرے گی، شوکاز نوٹس کا جواب دیں گے. فوٹو: اے ایف پی

ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام مستقبل پر تبادلہ خیال کیلیے جمعے کو سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔

چیئرمین ذکا اشرف سے ملاقات آل رائونڈر عبدالرزاق کے مستقبل کی راہیں متعین کرے گی، سری لنکا میں منعقدہ میگا ایونٹ میں قومی ٹیم کی کارکردگی، ناکام کھلاڑی، امپائرز اسکینڈل پر غور کے ساتھ کوچ ڈیو واٹمور اور دیگر آفیشلز کی طرف سے پیش کی جانے والی تجاویز پر بھی غور کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق ہر بڑے ایونٹ کے بعد ٹیم کی کارکردگی کا پوسٹ مارٹم ، مینجمنٹ اور کھلاڑیوں میں اکھاڑ پچھاڑ پاکستان میں کوئی نئی بات نہیں، کئی طاقتور کپتان، منیجر اور کھلاڑی ایسے رخصت ہوئے کہ واپسی مشکل یا ناممکن ہو گئی، اس بار صورتحال تھوڑی مختلف نظر آ رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف اور کوچ ڈیوواٹمور گرین شرٹس کی سیمی فائنل میں شکست پر زیادہ تشویش میں مبتلا نظر نہیں آ رہے، وہ ٹیم کی اس مرحلے تک رسائی کو بھی قابل قدر کارکردگی سمجھتے ہیں، جمعے کو ٹیم کے مسائل اور مستقبل کے حوالے سے بات چیت ضرور ہو گی مگر مختلف معاملات میں حتمی فیصلے کرنے کی جلد بازی نہیں کی جائے گی۔ قومی کرکٹ ٹیم کی25 دسمبر سے شروع ہونے والی بھارت کے خلاف سیتریز سے قبل کوئی اور انٹرنیشنل مصروفیت نہیں۔

لہذا فیصلوں کیلیے بورڈ کے پاس خاصا وقت ہے، ورلڈ کپ میں عمران نذیر، کامران اکمل، شاہد آفریدی اور عمر گل سمیت کھلاڑیوں کی مسلسل ناکامیوں پر میٹنگ میں غور ہو گا،تاہم کسی قسم کی اکھاڑ پچھاڑ فوری طور پر کرنے کا اعلان کر کے نئی بحث چھیڑنے سے گریز کیا جائے گا۔ اسٹنگ آپریشن کے ذریعے سامنے آنے والے امپائرز اسکینڈل پر بھی بات چیت ہوگی، ٹیم سلیکشن کے حوالے سے مسائل سامنے آنے پر چیف سلیکٹر اقبال قاسم کو بھی خصوصی طور پر بلایا گیا ہے،اس کے ساتھ منیجر نوید اکرم چیمہ، ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد، چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ انتخاب عالم اور فیلڈنگ کوچ جولین فائونٹین کی آمد بھی متوقع ہے۔ محمد حفیظ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں سوئی ناردرن ٹیم کی طرف سے پریذیڈنٹ ٹرافی میچ کھیل رہے ہیں۔

ان کی چیئرمین سے ملاقات میں تاخیر ہو سکتی ہے۔ دوسری طرف عبدالرزاق بھی ذکاء اشرف سے میٹنگ میں مؤقف پیش کرنے کی کوشش کرینگے۔ آل رائونڈر سری لنکا سے وطن واپسی پر محمد حفیظ کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بعد بورڈ کی طرف سے شوکاز نوٹس وصول کر چکے ہیں۔ سینٹرل کنٹریکٹ کی قید سے آزاد ہونے کے باوجود انھیں کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر اپنی پوزیشن کلیئر کرنے کیلیے کہا گیا ہے۔ عبدالرزاق جمعے کو شوکاز نوٹس کا جواب دینے کے ساتھ چیئرمین بورڈ سے ملاقات میں اپنی صفائی پیش کرنے کی کوشش کرینگے۔ گزشتہ ہانگ کانگ سپر سکسز ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کے کپتان عبدالرزاق اس بار بھی ذمہ داری سنبھالنے کیلیے مضبوط امیدوار تاہم حالیہ تنازع کے سبب معاملہ التوا کا شکار ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین عبدالرزاق کے جوابات سے مطمئن ہوئے تو کیس یہیں ختم کر دیا جائے گا، بصورت دیگر کامران اکمل ہانگ کانگ جائیں گے، سکسز ایونٹ کیلیے اسکواڈ کا اعلان جمعے کو متوقع ہے۔