برٹش اوپن اسکواش کوئی پاکستانی مین راؤنڈ میں نہ پہنچ سکا

30 بار کے چیمپئن ملک کے دونوں ٹاپ پلیئرز کوالیفائنگ مرحلے سے آگے نہ بڑھ پائے


Sports Desk May 12, 2015
30 بار کے چیمپئن ملک کے دونوں ٹاپ پلیئرز کوالیفائنگ مرحلے سے آگے نہ بڑھ پائے۔ فوٹو: فائل

ریکارڈ 30 باربرٹش اوپن ٹائٹل جیتنے والے ملک پاکستان کوئی بھی کھلاڑی رواں ایونٹ کے مین راؤنڈ میں نہیں پہنچ سکا، قومی نمبرون ناصر اقبال ایک فتح کے بعد کوالیفائنگ فائنل میں ہار گئے، فرحان زمان نے ابتدائی آزمائش میں ہی ہتھیار ڈال دیے۔

ورلڈ اوپن کے بعد دنیائے اسکواش کے سب سے بڑے ایونٹ برٹش اوپن میں پاکستان کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی، ماضی میں کھلاڑیوں نے ریکارڈ 30 بار سبزہلالی پرچم لہرایا، آخری بار1997 میں جان شیر خان نے ٹائٹل جیتا، وہ اگلے برس فائنل میں ہار گئے اور کھیل کو خیر باد کہہ دیا، اس کے بعد اب تک کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی نہیں حاصل کرسکا۔10بارچیمپئن کا اعزاز اب بھی پاکستان کے سابق سپر اسٹارجہانگیر خان کے پاس ہے ، ہاشم خان نے 7 اور جان شیر خان نے 6 بار فاتح کا اعزاز پایا لیکن 21ویں صدی کا جیسے ہی آغاز ہوا پاکستان اسکواش میں اتنا پیچھے چلا گیا کہ دنیا حیران رہ گئی، ورلڈ اوپن اور برٹش اوپن میں فتح حاصل کرنا تو درکنار ایشیا کی سطح پر بھی رسوائیاں مقدر بن رہی ہیں۔

برٹش اوپن کے رواں ایڈیشن کے مین مرحلے کا آغاز منگل کو ہوگا لیکن بدقسمتی سے پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی اس میں شریک نہیں ہے، کوالیفائنگ رائونڈ میں ٹاپ 2 پاکستانیوں نے شرکت کی، نمبر2 فرحان زمان ابتدائی میچ میں انگلش ٹوم رچرڈ کے ہاتھوں 1-3 سے ہار گئے، قومی نمبر ون ناصر اقبال نے ابتدائی میچ میں عالمی رینکنگ میں 160 ویں نمبر کے کھلاڑی انگلش ایشلے ڈیوس کو 45 منٹ کی جدوجہد میں 3-1 سے قابو کیا۔ کوالیفائنگ فائنل میں ورلڈ نمبر 45 قومی پلیئر کا مقابلہ مصر کے صرف 7 درجے بہتر رینک کھلاڑی محمد ابوالغیر سے تھا، جنھوں نے 39 منٹ میں انھیں3-1 سے ہراتے ہوئے مین مرحلے میں رسائی حاصل کرلی۔