ناقابل اعتبار پیٹرسن پرانگلش ٹیم کے دروازے بدستور بند

ای سی بی کے نئے ڈائریکٹر کرکٹ اسٹروس نے پرانے ساتھی کا کوئی لحاظ نہیں کیا


Sports Desk May 13, 2015
’’یاد ماضی عذاب ہے یارب۔۔۔‘‘ اینڈریو اسٹروس اور کیون پیٹرسن کی فائل فوٹو

KARACHI: ناقابل اعتبار کیون پیٹرسن پر کرکٹ کے بند دروازے کھولنے سے انگلینڈ نے صاف انکار کردیا۔

نئے ڈائریکٹر کرکٹ اینڈریو اسٹروس نے اپنے پرانے ساتھی کھلاڑی کا کوئی لحاظ نہیں کیا، وہ کہتے ہیں کہ پیٹرسن بیٹسمین بہت بڑے ہیں مگر ہم ان پر اعتبار نہیں کرسکتے، مستقبل قریب میں انگلش ٹیم میں ان کی کوئی جگہ نہیں، مستقبل کے بارے میں کچھ کہہ نہیں سکتے۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے سپراسٹار بیٹسمین کیون پیٹرسن کو عبرت کی مثال بناکر رکھ دیا ہے۔

انہوں نے گذشتہ روز سرے کی جانب سے شاندار ناقابل شکست پہلی فرسٹ کلاس ٹرپل سنچری بنائی اور اس کے بعد بڑی امیدوں کیساتھ انگلش بورڈ کے نئے ڈائریکٹر کرکٹ اور اپنے سابق کپتان اینڈریو اسٹروس سے ملنے گئے جہاں پر ای سی بی کے چیف ایگزیکٹیو ٹام ہیریسن بھی موجود تھے، انھوں نے انگلش ٹیم کیساتھ اپنے مستقبل کے حوالے سے بات کی اورپھرانتہائی مایوسی کے عالم میں واپس رخصت ہوگئے۔ لارڈز کرکٹ گرائونڈ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اسٹروس نے کہاکہ پیٹرسن اور بورڈ کے درمیان سب سے بڑا معاملہ اعتبار کا ہے اور ہم فی الحال ان پراعتبارنہیں کرسکتے۔

ہم پیٹرسن کے حوالے سے صاف بات کرنا چاہتے ہیں، ان کی صلاحیتوں پرکسی کوبھی کوئی شک و شبہ کبھی نہیں رہا، وہ کافی عرصے تک انگلینڈ ٹیم کے اہم ممبر رہے مگرچند ماہ وسال میں ان کے اور بورڈ میں اعتماد کا رشتہ کمزورہوا ہے، اسی وجہ سے ہم نے ان کو کہا ہے کہ مستقبل قریب میں ان کی فوری واپسی ٹیم کے مفاد میں ہرگز نہیں ہے۔

میں نے ان کوبتادیا ہے کہ وہ ہمارے مستقبل کے پلان میں شامل نہیں ہیں اور نہ ہی میں ان کو اس حوالے سے کوئی گارنٹی دے سکتا ہوں لیکن یہ ضرور ہے کہ ان پر ٹیم میں شامل ہونے کی کوئی باقاعدہ پابندی نہیں ہے کوئی نہیں جانتا کہ مستقبل میں کیا ہوسکتا ہے۔چیف ایگزیکٹیو ٹام ہیریسن نے کہا کہ ہم نے پیٹرسن پر تمام بات واضح کردی ہے، یہ کوئی اچھا فیصلہ نہیں مگر ہم نے یہ فیصلہ لے لیا ہے۔