پاک بھارت سیریز میں رائٹس چھیننے کی سخت مخالفت کرینگےبراڈکاسٹر

دیوار سے لگانے کی کوشش ہوئی تو دفاع کیلیے تمام آپشنز استعمال کرسکتے ہیں،راجیش


Sports Desk May 14, 2015
دیوار سے لگانے کی کوشش ہوئی تو دفاع کیلیے تمام آپشنز استعمال کرسکتے ہیں،راجیش فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کے نشریاتی پارٹنر نے خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت سے سیریز کے رائٹس چھینے گئے تو وہ سخت مخالفت کرے گا۔

چیف ایگزیکٹیو راجیش سیٹھی کا کہنا ہے کہ اگر ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش ہوئی تو دفاع کیلیے تمام آپشنز استعمال کریں گے، فی الحال پی سی بی کی جانب سے ایسا کوئی عندیہ نہیں دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے دسمبر میں طے پانے والی سیریز کے حوالے سے پاکستان کے نشریاتی پارٹنر پر اعتراض کیا ہے۔

اس بارے میں بھارت کے معروف میڈیا گروپ ایسل کی ملکیت چینل کے چیف ایگزیکٹیو راجیش سیٹھی نے کہاکہ پاکستان کی ہوم سیریز کے نشریاتی حقوق قانوی طور پر ہمارے پاس ہیں، ہم اتنی آسانی سے اس سے دستبردار نہیں ہوں گے، ہم نے اس حوالے سے باقاعدہ فنانشل گارنٹی دی ہوئی ہے، اگر محسوس کیا کہ کوئی چیز ہمارے خلاف ہورہی ہے تو اپنے دفاع کا پورا حق رکھتے ہیں۔

انھوں نے واضح کیا کہ ابھی تک پاکستان کی جانب سے ہم سے اس بارے میں کوئی بات نہیں کی گئی۔ راجیش نے کہا کہ ہمارے مختلف کرکٹ بورڈز کے ساتھ بہترین تعلقات اور کبھی کوئی مسئلہ نہیں ہوا، اس لیے ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے نشریاتی معاہدے پر بھارتی بورڈ کے اعتراض کی باتیں بھی صرف قیاس آرائی کی حد تک ہیں، کبھی بی سی سی آئی نے ہماتے معاملات میں مداخلت کی نہ ہی ہمیں ان سے ایسی کوئی امید ہے۔