دورہ پاکستانزمبابوین ٹیم اتوار کو رخت سفر باندھے گی

گرین شرٹس سے سیریزکے 2 ابتدائی ٹی20 میچز بالترتیب22 اور24 مئی کو شیڈول ہیں


Sports Desk May 14, 2015
زمبابوین کرکٹ ٹیم اتوار کو ہرارے سے روانہ ہوگی، اسکی ابتدائی منزل دبئی ہے، جہاں ایک روز قیام کے بعد منگل کو لاہور پہنچنا ہے، فوٹو فائل

دورئہ پاکستان کیلیے زمبابوین کرکٹ ٹیم اتوار کو رخت سفر باندھے گی، دبئی میں ایک دن قیام کے بعد منگل کو لاہور آمد طے ہے،منتخب کرکٹرز ان دنوں کیمپ میں سیریز کی تیاریاں کر رہے ہیں،کوچ ڈیوواٹمور نے کہا کہ میں مکمل طور پر دورئہ پاکستان کا حامی ہوں، خطرہ محسوس کرنے پرکسی کی بھی جان داؤ پر نہ لگاتا، میں سمجھتا ہوں کہ ہمارا یہ دورہ انتہائی کامیاب رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق زمبابوین کرکٹ ٹیم اتوار کو ہرارے سے روانہ ہوگی، اسکی ابتدائی منزل دبئی ہے، جہاں ایک روز قیام کے بعد منگل کو لاہور پہنچنا ہے، ٹور کیلیے منتخب کرکٹرز کیمپ میں تربیت حاصل کر رہے ہیں، حال ہی میں زمبابوے کرکٹ سے چاربرس کا معاہدہ کرنے والے ڈیو واٹمور نے کہاکہ میں مکمل طور پر دورئہ پاکستان کا حامی ہوں، اگر یہ محسوس کرتا کہ وہاں جانے میں خطرہ ہے تو کسی کی جان بھی داؤ پر نہ لگاتا، میں اس دورے کی اہمیت کو سمجھتا ہوں، لہذا لاہور جانے پر خوشی ہوگی، مجھے امید ہے کہ یہ ٹور انتہائی کامیاب ثابت ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ سیریز کیلیے ہم نے تیاریوں کا بھرپور آغاز کردیا، چارلس کووینٹری نے ایک دن تاخیر کے بعد اسکواڈ کو جوائن کرلیا، کیمپ کے ابتدائی حصے میں ہم پلیئرز کی فٹنس پر بہت زیادہ دھیان دینگے، مجھے ان پلیئرز کا فٹنس لیول دیکھ کربہت خوشی ہوئی، انھوں نے پہلے ہی سے ٹرینر وائن جیمز کی زیرنگرانی سخت محنت کو اپنا شعار بنا رکھا ہے، اب ہم انھیں یکجا کرنے پر کام کررہے ہیں۔

باقاعدہ ٹرینر کی موجودگی سے ہمارا کام آسان ہوگیا اور دیگر شعبوں پر بھی توجہ دے رہے ہیں،ڈیو واٹمور نے کہا کہ فٹنس کے بعد آؤٹ ڈور پریکٹس میں کھلاڑیوں کی مہارت میں اضافے کے لیے کام کریں گے جس میں ہمیشہ بہتری کی گنجائش رہتی ہے۔ یاد رہے کہ گرین شرٹس سے سیریزکے 2 ابتدائی ٹی20 میچز بالترتیب22 اور24 مئی کو شیڈول ہیں جبکہ ون ڈے سیریز کے تینوں مقابلے 26،29 اور31 تاریخ کو کھیلے جائیں گے، تمام میچز کی میزبانی قذافی اسٹیڈیم کرے گا۔