پاکستان بیرونی سرمایہ کاری لانے کے لیے سیکیورٹی صورتحال بہتر بنائے ایشیائی ترقیاتی بینک

پاکستان اس وقت اقتصادی ترقی کے حوالے سے درست سمت میں گامزن ہے، نائب صدر ایشائی ترقیاتی بینک


Business Reporter May 16, 2015
پاکستان اس وقت اقتصادی ترقی کے حوالے سے درست سمت میں گامزن ہے، نائب صدر ایشائی ترقیاتی بینک فوٹو: فائل

ایشائی ترقیاتی بینک(اے ڈی پی) کے نائب صدر وینکائے ژانگ نے ملک کی اقتصادی صورتحال پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی میکرو اکانومی صورتحال میں مثبت بہتری آرہی ہے، موجودہ حکومت نے اقتصادی بحالی کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں، افراط زر میں کمی واقع ہوئی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر بڑھے ہیں، تاہم غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول کے لیے پاکستان کو سیکیورٹی کی صورتحال مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

گزشتہ روز کراچی میں صحافیوں کے ایک گروپ کو بریفنگ دیتے ہوئے ایشائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر آپریشنز کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے دور میں مالیاتی اور جاری کھاتوں کے خساروں میں کمی واقع ہوئی ہے جو کہ خوش آئند ہے،پاکستان اس وقت اقتصادی ترقی کے حوالے سے درست سمت میں گامزن ہے،اس وقت ملک کی جی ڈی پی کی شرح4.2فیصد ہے جبکہ ہمارا اندازہ ہے کہ آئندمالی سال کے دوران پاکستان کی جی ڈی پی کی شرح4.5فیصد کو چھو سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایشائی ترقیاتی بینک کی جانب سے سالانہ تقریباً1ارب ڈالر سے زائد کی فنڈنگ کی جاتی ہے اور صرف توانائی کے شعبے میں گزشتہ برس پاکستان کو 40کروڑ ڈالر فراہم کیے گئے جبکہ رواں برس کے دوران بھی توانائی کے شعبے کی بہتری کے لیے مزید40کروڑ ڈالر فراہم کیے جائینگے۔ ایشائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ یہ سچ ہے کہ پاکستان کو سیکیورٹی اور توانائی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم اس کے ساتھ ساتھ ہی پاکستان کے لیے ترقی کرنے کے بھی بے شمار مواقع میسر ہیں، پاکستان کا محل وقوع ہر اعتبار سے آئیڈیل ہے اور پاکستان وسط ایشائی ریاستوں تک رسائی کے لیے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے۔

وینکائے ژانگ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ایشائی ترقیاتی بینک پاکستان میں نہ صرف توانائی بلکہ دیگر شعبوں کی ترقی کے لیے بھی اہم کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری توجہ پاکستان میں توانائی کے شعبے کی بہتری،ٹرانسپورٹ نظام کی بہتری،شہری علاقوں میں سہولیات کی فراہمی،دیہی علاقوں کی ترقی،پبلک سیکٹر مینجمنٹ فنانشل سیکٹر اور سوشل سیکٹر کی بہتری کی جانب ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پبلک سیکٹر مینجمنٹ میں ہم پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ پر مبنی پروگرام متعارف کرائینگے اور اس ضمن میں مالی و تکنیکی معاونت فراہم کی جائیگی،اس سلسلے میں رواں برس حکومت سندھ کے ساتھ ملکر کام کیا جائے گا جبکہ آئندہ برس پنجاب میں سرگرمیاں کی جائینگی۔ ایشائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے آئندہ پانچ سے دس برس انتہائی اہم ہیں، اس عرصے میں پاکستان میں بہت بڑی سرمایہ کاری متوقع ہے، تاہم اس کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کو توانائی سیکٹر میں اصلاحات کے ساتھ ساتھ امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنا ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تربیت یافتہ افرادی قوت کی دستیابی کے لیے اقدامات کرنا ہونگے جبکہ ملک میں عوام دستیاب صحت کی سہولتوں کو بھی بہتر بنانے پر توجہ دینی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک تاپی منصوبے کے لیے پاکستا ن کی ہر ممکن معاونت کرے گا جبکہ ہم نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی بھی مکمل حمایت کی ہے۔

مقبول خبریں