آپریشن کے دوران مریضہ کے پیٹ میں موبائل فون رہ گیا

حکومتی اور حزب اختلاف کے نمائندوں کی بحث سے قطع نظر عوام میں اس واقعے کی مذمت کی جارہی ہے


عبدالریحان May 26, 2015
اس واقعے کی گونج اردن کی پارلیمان میں بھی سنائی دے رہی ہے۔ فوٹو : فائل

دوران آپریشن مریضوں کے پیٹ میں قینچی، بلیڈ، اسفنج اور دوسرے آلات جراحی رہ جانے کے واقعات دنیا بھر میں پیش آتے ہی رہتے ہیں مگر پچھلے دنوں اس وقت حد ہوگئی جب مریضہ کے پیٹ میں موبائل فون رہ گیا! یہ واقعہ اردن کے دارالحکومت عمان کے ایک اسپتال میں پیش آیا۔ 36 سالہ حنان محمود عبدالکریم نامی خاتون کو زچگی کے سلسلے میں اردن کے ایک نجی اسپتال میں لایاگیا۔ مریضہ کی حالت کے پیش نظر گائنا کولوجسٹ نے آپریشن تجویز کیا۔ حنان کی والدہ، ماجدہ عبدالحمید کی اجازت کے بعد مریضہ کو لیبر روم لے جایاگیا، کام یاب آپریشن کے بعد حنان نے ایک صحت مند بیٹے کو جنم دیا۔

اگلے روز زچہ و بچہ کو ماجدہ گھر لے گئیں۔ گھر پہنچنے کے بعد حنان نے والدہ سے پیٹ میں درد کی شکایت کی۔ اس کیفیت کو آپریشن کا اثر سمجھتے ہوئے حنان کو دافع درد دوا دے دی گئی، مگر تکلیف بڑھتی چلی گئی۔ حنان کی والدہ کے مطابق تکلیف بڑھتے بڑھتے اتنی شدید ہوگئی کہ وہ درد سے تڑپنے لگی۔ اس دوران ہم نے ایک حیران کن بات یہ محسوس کی کہ وقفے وقفے سے حنان کے پیٹ میں کوئی شے تھرکنے لگتی تھی۔

تھرتھراہٹ کی آواز باہر سے بھی سنی جاسکتی تھی۔ حنان کا درد ناقابل برداشت ہوگیا تو ہم اسے اسپتال لے گئے، جہاں اس کا آپریشن ہوا تھا۔ وہاں ڈاکٹر نے تفصیلی چیک اپ کرنے کے بجائے دوائیں دے کر ہمیں رخصت کردیا۔ دوائوں سے بھی حنان کو افاقہ نہ ہوا تو ماجدہ اگلے روز بیٹی کو لے کر البشیر پبلک ہاسپٹل پہنچیں۔ یہاں ہنگامی امداد کے شعبے میں حنان کا ایکسرا کیا گیا جس سے ظاہر ہوا کہ اس کے پیٹ میں کوئی ٹھوس مستطیل شے موجود تھی۔

لہٰذا فوری طور پر حنان کا آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے بعد سرجن نے یہ بتاکر ماجدہ اور اس کے اہل خانہ کو حیران کردیا کہ وہ مستطیل شے ایک موبائل فون تھا۔ اس واقعے کی خبر جلد ہی ہر طرف پھیل گئی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق موبائل فون ڈاکٹر کا ثابت ہوا جس نے حنان کا آپریشن کیا تھا۔ حنان کی والدہ کا کہناتھا کہ لاپروائی کی اس سے زیادہ بھیانک مثال کیا ہوگی کہ سیل فون مریضہ کے پیٹ میں چھوڑدیاگیا ہو۔

اس واقعے کی گونج اردن کی پارلیمان میں بھی سنائی دے رہی ہے اور حزب اختلاف کی جماعت کے رکن پارلیمان نے حکومت سے اس واقعے پر مستعفی ہوجانے کا مطالبہ بھی کردیا ہے۔ حزب اختلاف کے رکن سلیم البتنایہ کا کہنا تھا کہ جن ممالک میں شہریوں کی عزت و تکریم ہوتی ہے اور انھیں اہمیت دی جاتی ہے وہاں حکومتیں اس نوع کے واقعات رونما ہونے پر مستعفی ہوجاتی ہیں۔ دوسری جانب وزیر صحت کے ترجمان نے اس واقعے کو من گھڑت اور حکومت کے خلاف سوچی سمجھی سازش قرار دیا ہے۔

حکومتی اور حزب اختلاف کے نمائندوں کی بحث سے قطع نظر عوام میں اس واقعے کی مذمت کی جارہی ہے جس کا اندازہ سوشل میڈیا کے ذریعے ہوتا ہے۔ عوام کی جانب سے اس واقعے کی سرکاری سطح پر تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں