’’ماں کی دعا‘‘ شعیب ملک کو فارم میں واپس لے آئی

کوچز کا شکر گزار ہوں کہ انھوں نے میری صلاحیتوں پر اعتماد کیااور اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہا، شعیب ملک


Sports Reporter May 28, 2015
کوچز کا شکر گزار ہوں کہ انھوں نے میری صلاحیتوں پر اعتماد کیااور اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہا، شعیب ملک۔ فوٹو : اے ایف پی

KARACHI: ''ماں کی دعا'' شعیب ملک کو فارم میں واپس لے آئی، آل راؤنڈر نے6سال بعد سنچری کو انہی سے منسوب کر دیا،ان کا کہنا ہے کہ فارم برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کو زیادہ سے زیادہ میچ جتوانے کی کوشش کروں گا۔

شعیب ملک کافی عرصے سے قومی ٹیم میں ان اور آؤٹ رہے، کم بیک پر اچھی کارکردگی نہ رہنے پر انھیں باہر کر دیا جاتا تھا تاہم اب سنچری سے کم از کم اگلی سیریز تک جگہ پکی ہو گئی ہے، شعیب کی والدہ ان کے کیریئر کے حوالے سے خاصی فکرمند رہتیں اور ان کی دعاؤں نے ہی انھیں دوبارہ عروج پر پہنچایا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ پہلے ون ڈے کے بعد شعیب ملک نے میڈیا سے گفتگو میں اپنی سنچری کو والدہ کے نام کر دیا، انھوں نے کہا کہ میری اولین ترجیح پاکستان کی فتح رہی ہے، بیٹنگ آرڈر کا کوئی مسئلہ نہیں، جس بھی نمبر پر بھیجا جائے کھیلنے کیلیے تیار ہوں، میچ کے دوران پانچویں پوزیشن پر بیٹنگ کرنا تھی تاہم وقار یونس اور مشتاق احمد نے نمبر 3 پر جانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمہیں رنز بنانے کا زیادہ موقع ملے گا، آرام سے کھیلو، ہماری سپورٹ ساتھ ہے، کوچز کا شکر گزار ہوں کہ انھوں نے میری صلاحیتوں پر اعتماد کیااور اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہا۔

ایک سوال پر شعیب ملک نے کہا کہ 6 سالہ طویل عرصے کے بعد سنچری بنانے پر بیحد خوش ہوں، دنیا کا کوئی بھی انسان مکمل نہیں ہوتا، ہر کوئی غلطیاں کر کے ہی سیکھتا ہے، ماضی میں مجھ سے بھی خطائیں ہوئیں لیکن ہمت ہارنے کے بجائے عزائم بلند رکھے اور عہد کیا کہ جب بھی موقع ملا اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔

ایک سوال پر سابق کپتان نے کہا کہ جب کوئی ٹیم میں نہ ہو تو مایوسی ضرور ہوتی ہے لیکن پروفیشنل کرکٹر کا کام یہی ہے کہ دلبرداشتہ ہونے کے بجائے کھیل بہتر بنانے پر توجہ رکھے، بس تسلسل کے ساتھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کی جائے، ٹیم میں منتخب کرنے یا نہ کرنے کا کام سلیکٹرز پر چھوڑ دیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں