تحریک انصاف کو مکافات عمل کا سامنا ہے وزیراعظم

ہم پردھاندلی کے الزامات لگاتے تھے آج انہی کے اتحادی انہیں دھاندلی کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں، نواز شریف


ویب ڈیسک June 04, 2015
ہم پردھاندلی کے الزامات لگاتے تھے آج انہی کے اتحادی انہیں دھاندلی کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں، نواز شریف. فوٹو: فائل

وزیراعظم نواز شریف نے خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات کے دوران 18 افراد کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو مکافات عمل کا سامنا ہے، کیا یہ نیا پاکستان ہے جس میں لوگوں کی جانوں سے کھیلا جا رہا ہے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ کے دوران وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات کے دوران 18 افراد کی ہلاکت پر بہت دکھ ہے، اتنی بدنظمی اور اموات تو کبھی عام انتخابات کے دوران بھی نہیں ہوئیں۔ انہوں نے تحریک انصاف کوتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کیا یہ مکافات عمل ہے جو ہم پردھاندلی کے الزامات لگاتے تھے آج انہی کے اتحادی انہیں دھاندلی کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں، کیا یہ ہے نیا پاکستان جس میں لوگوں کی جانوں سے کھیلا جا رہا ہے۔