بھارت نے زمبابوین امیدوں کا دیا چند پھونکوں سے بجھادیا

دوسرے ون ڈے میں بلو شرٹس 62رنز سے کامیاب، سیریز بھی جیت لی، بھونیشور کی 4 وکٹیں


Sports Desk July 13, 2015
دوسرے میچ میں 62 رنزکی فتح سے تین میچز کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل شکست برتری بھی حاصل ہوگئی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

KOLKATA: بھارت نے زمبابوین امیدوں کا دیا چند پھونکوں سے بجھادیا، دوسرے ون ڈے میں 62 رنز کی فتح سے سیریز بھی مہمان سائیڈ کے نام ہوگئی، 272 رنز ہدف کے تعاقب میں جانے والی زمبابوے ٹیم 209 پر آؤٹ ہوگئی۔

چھامو چھیبابا کے 72 رنز بھی کسی کام نہ آئے، بھونیشور کمار نے 4 وکٹیں لیں۔اس سے قبل بھارت نے 8 وکٹ پر 271 رنز بنائے، مرلی وجے اور اجنکیا راہنے نے ففٹیزاسکورکیں، نیولے ماڈیزوا نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت نے زمبابوے کے مختصرٹورپراپنی'بی' سائیڈ بھیجی اور وہ بھی میزبان سائیڈ کے لیے وبال جان بن کر رہ گئی دوسرے میچ میں 62 رنزکی فتح سے تین میچز کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل شکست برتری بھی حاصل ہوگئی ہے۔پہلے میچ میں ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی وجہ سے زمبابوے سے اس بارمزید بہتر کارکردگی کی توقع کی جارہی تھی مگر اس کی بیٹنگ لائن بھارتی حملے جھیل نہیں پائی اور 272 رنز ہدف کے تعاقب میں 209 پر ہمت ہاردی۔

ووسی سبانڈا صرف 2 رنز پر کلکرنی کی گیند پر وجے کا کیچ بن گئے، ہیملٹن مساکیڈزا(5) اور ایلٹن چگمبرا (9) بھونیشور کمار کی وکٹ بنے۔ سین ولیمز (20) کو اکشر پٹیل نے قابو کیا۔ چھامو چھیبا نے اپنی ٹیم کو مشکل سے نکالنے کی کوشش جاری رکھتے ہوئے 72 رنز بنائے مگر ان کے رن آؤٹ ہونے کے بعد باقی کھلاڑیوں میں سے کوئی بھی زیادہ دیر نہیں ٹک سکا، موتمبامی 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بھونیشورکمار نے 4 وکٹیں لیں۔ اس سے پہلے بھارتی اوپنرز اجنکیا راہنے اور مرلی وجے نے ٹیم کو 112 رنز کی بنیاد فراہم کی۔ کپتان راہنے 63 رنز پر چھیبابا کی گیند پر سکندر رضا کے ہاتھوں کیچ ہوئے، مرلی وجے 72 رنز بناکر ماڈیزوا کی گیند پر متبادل والیر کا کیچ بن گئے۔ امباتی رائیڈو نے 41 رنز بنائے، انھیں سکندر رضا نے والیر کی مدد سے قابو کیا، باقی کوئی بھی کھلاڑی قابل ذکر اسکور نہیں کرپایا۔ نیولے ماڈیزوا نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔