سانحہ بلدیہ ملزمان کو عدالت میں پیش نہ کرنے پر جیل سپرنٹنڈنٹ کو نوٹس

حتمی چالان جمع کرنے کے لیے7یوم کی مہلت


Staff Reporter October 17, 2012
مقدمے کے تفتیشی افسر نے عدالت میں پیش ہوکر بتایا کہ ملزمان سے تحقیقات کرنے کیلیے سیشن عدالت میں درخواست دائر ہے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: جوڈیشل مجسٹریٹ غربی سہیل احمد مشوری نے سانحہ بلدیہ فیکٹری آتشزدگی کیس میں ملوث ملزمان فیکٹری مالکان شاہد بھائیلہ، ارشد بھائیلہ، جنرل منیجر منصور احمد، سیکیورٹی گارڈ فضل احمد، علی محمد اور ارشد محمود کو عدالت میں پیش نہ کرنے پر سینٹرل جیل سپرنٹنڈنٹ کو شوکاز نوٹس جاری کیے ہیں اور ملزمان کے ہمراہ23اکتوبر کو جواب طلب کرلیا ہے۔

دریں اثنا اسی عدالت نے مقدمے کے تفتیشی افسر جہاں زیب کی جانب سے حتمی چالان جمع کرانے کیلیے مزید مہلت طلب کرنے پر7یوم کا وقت دیا ہے اور ڈی آئی جی کو ذاتی طور پر کیس کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے، منگل کو مقدمے کی سماعت کے موقع پر وکلا صفائی نے عدالت کو بتایا کہ فاضل عدالت نے ملزمان کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے تاہم جیل حکام نے ملزمان کو عدالت میں پیش نہیں کیا، وکلا نے جیل حکام کیخلاف کارروائی کی استدعا کی تھی، دوسری جانب مقدمے کے تفتیشی افسر نے عدالت میں پیش ہوکر بتایا کہ ملزمان سے تحقیقات کرنے کیلیے سیشن عدالت میں درخواست دائر ہے۔

فیصلہ ہونے تک تفتیش مکمل نہیں ہوسکتی اور حتمی چالان جمع کرانے کیلیے مزید وقت دینے کی استدعا کی تھی، علاوہ ازیں سیشن جج کے حکم پر ہیڈ بیلف کی سربراہی میں پولیس نے کھارادر کے علاقے میں چھاپہ مار کر تین ماہ سے قید خاتون کو بازیاب کرکے ویمن تھانے کے حوالے کردیا، اغوا کاروں کو آج سیشن جج کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا ہے، تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی حسن فیروز نے محمد خالد کی درخواست پر ہیڈ بیلف مدثر اور محمد عارف کو تھانہ کھارادر پولیس کے ہمراہ مدعی کی نشاندہی پر کھارادر کے علاقے میں واقع برتن والی گلی کے مکان میں چھاپہ مار کر خاتون مسماۃ امرین کی بازیابی کا حکم دیا تھا، سیشن جج کے حکم پر عدالتی عملے اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ مکان پر چھاپہ مارا اور ملزمان زبیر اور عبدالجبار کے قبضے سے خاتون کو بازیاب کرکے تھانہ ویمن کے حوالے کردیا.

عدالتی بیلف نے تھانہ کھارادر کو مذکورہ اغوا کاروں کو آج (بدھ کو) سیشن جج کے روبرو پیش کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں، علاوہ ازیں اسپیشل کسٹم کورٹ کی جج صوفیہ لطیف نے قومی خزانے کو لاکھوں روپے نقصان پہنچانے کے الزام میں ملوث مقامی کمپنی کے مالک ملزم آصف کو 22اکتوبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیدیا،استغاثہ کے مطابق الرحمن ٹریڈنگ کمپنی کے مالک چائنہ سے 90لاکھ 18ہزار روپے کا کیمیکل درآمد کرکے کسٹم ڈیوٹی کی مد میں قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا تھا جس پر ملزم کو گزشتہ روز گرفتار کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے